لاہور (روشن پاکستان نیوز) ایس پی سول لائنز چوہدری اثر علی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس نے ایک بڑی کارروائی کے دوران کوئٹہ سے لاہور منشیات سپلائی کرنے والے نیٹ ورک کو بے نقاب کر دیا ہے۔
ترجمان کے مطابق تھانہ سول لائنز پولیس نے خفیہ اطلاع پر گولڈنگ چوک میں کارروائی کرتے ہوئے 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان ویگو ڈالے کے ذریعے ہیروئین چھپا کر کوئٹہ سے لاہور سپلائی کرنے آئے تھے۔
ایس پی سول لائنز کے مطابق ملزمان نے گاڑی کی سیٹوں کے نیچے مہارت سے ہیروئین چھپا رکھی تھی۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 34 کلوگرام سے زائد ہیروئین برآمد کر لی، جبکہ منشیات کی ترسیل میں استعمال ہونے والا ڈالہ بھی تحویل میں لے لیا گیا۔
ملک بھر میں اے این ایف کا کریک ڈاؤن، بھاری مقدار میں منشیات برآمد، افغان شہری سمیت 8 ملزمان گرفتار
ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے اعتراف کیا کہ برآمد شدہ منشیات کو لاہور کے مختلف علاقوں میں سپلائی کیا جانا تھا۔
چوہدری اثر علی کا کہنا تھا کہ منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے اور ایسے عناصر کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔











