هفته,  18 مئی 2024ء
ملتان میں کسان گندم فروخت کرنے کے لیے جگہ جگہ سٹالز لگانے پر مجبور

ملتان( روشن پاکستان نیوز) پبجاب حکومت کی جانب سے گندم کی خریداری شروع نہ کرنے کے باعث ملتان میں کسان اپنی گندم کو فروخت کرنے کے لیے جگہ جگہ سٹالز لگانے پر مجبور ہیں۔

تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب کی جانب سے گندم کی خریداری شروع نہ ہونے کی وجہ سے ملتان کے کسان شہر میں سڑک کنارے اپنی گندم فروخت کرنے پر مجبور ہیں۔

ملتان شہر میں جگہ جگہ گندم کی فروخت کے سٹالز لگے ہوئے ہیں ،جہاں پر گندم کی خرید و فروخت کی جا رہی ہے اور شہری آ کر سٹال سے گندم خرید رہے ہیں۔

شہر بھر میں گندم کا ریٹ 3100س سے لے کر 3500 روپے تک ہے۔

کسانوں کا یہی کہنا ہے کہ باردانہ کے حوالے سے وعدے کیے گئے تھے حکومت کی جانب سے اور ایپلیکیشن بھی دی گئی تھی تاکہ باردانہ وصول کیا جا سکے مگر 22 اپریل سے آج تک باردانہ وصول نہیں کیا جا سکا اور نہ ہی پاسکو کی جانب سے اس وقت تک خریداری شروع ہوئی ہے۔

کسانوں کے مطابق حکومت پنجاب کی جانب سے کہا گیا تھا کہ پاسکو 18 لاکھ ٹن گندم کی خریداری کرے گی، ابھی تک اس حوالے سے بھی کوئی پیش رفت نہیں ہو سکی ہے جس کی وجہ سے ملتان کے کسان شہر میں سستے داموں گندم فروخت کرنے پر مجبور ہیں۔

مزید خبریں

FOLLOW US

Copyright © 2024 Roshan Pakistan News