اتوار,  23 جون 2024ء
شبانہ اعظمی نے جاوید اختر کیساتھ کامیاب شادی کا راز بتادیا

ممبئی (روشن پاکستان نیوز)بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ شبانہ اعظمی نے معروف شاعر اور گیت نگار جاوید اختر کے ساتھ اپنی کامیاب شادی کا راز بتاتے ہوئے کہا کہ انکے شوہر جاوید اختر اس حوالے سے محسوس کرتے ہیں کہ ہم بہت زیادہ ملتے نہیں ہیں۔

واضح رہے کہ شبانہ اعظمی اور جاوید اختر کی شادی دسمبر 1984 میں ہوئی اور سات ماہ بعد یہ دونوں شادی کی چالیسویں سالگرہ منائیں گے۔

79 سالہ جاوید اختر کی اس سے قبل ہنی ایرانی سے 1972 میں شادی اور 1985 میں علیحدگی ہوئی، اور ہنی سے انکے دو بچے فرحان اختر اور زویا اختر ہیں۔

یاد رہے کہ شبانہ اعظمی معروف شاعر اور دانشور کیفی اعظمی کی بیٹی ہیں۔ شبانہ اعظمی نے میڈیا سے گفتگو کے دوران اپنی شادی کی کامیابی کے حوالے سے بتایا کہ انکے شوہر جاوید اختر نے ان سے کہا کہ ہماری شادی کی کامیابی کی وجہ کم ملاقاتیں ہیں۔

انھوں نے کہا کیونکہ ہم دونوں بہت مصروف زندگی گزارتے ہیں اور مختلف سمتوں میں بھاگ دوڑ میں لگے رہتے ہیں اس لیے ملاقاتیں کم ہوتی ہیں۔

بالی ووڈ میں آرٹ فلموں میں کام کے حوالے سے شناخت رکھنے والی 73 سالہ شبانہ اعظمی نے کہا کہ ہم دونوں کا تعلق بھی یکساں پس منظر سے ہے، میرے اور جاوید کے والد دونوں شاعر اور یوپی کے رہنے والے تھے جبکہ دونوں کمیونسٹ بھی تھے۔

انکا مزید کہنا تھا کہ چیزوں پر ہم دونوں کے خیالات بھی ایک جیسے ہیں، تو ان عوامل کو دیکھتے ہوئے لوگ سمجھتے ہیں کہ ہماری شادی ارینجڈ تھی۔

دوسری جانب جاوید اختر کا کہنا ہے کہ شبانہ انکی بہترین دوست تھیں اور شادی سے اس پر کوئی فرق نہیں پڑا۔

مزید خبریں

FOLLOW US

Copyright © 2024 Roshan Pakistan News