هفته,  27 جولائی 2024ء
دوہری شہریت کے حوالے سے بیرسٹر امجدملک بھی کھل کر بول پڑے،قومی اسمبلی میں بحث کا مطالبہ

مانچسٹر،راچڈیل (شہزادانور ملک سے )پاکستان مسلم لیگ (ن )کے سینئر صدر اور چیف کوآرڈینیٹر انٹرنیشنل افیئرز بیرسٹر امجد ملک نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کو منشور کے مطابق پارلیمان کا حصہ بنائیں گے اور اوورسیز گلف یورپ یوکے امریکہ سمیت بیرون ملک دنیا سے رول ماڈل اشخاص پر مشتمل ایڈوائزری کونس کی تشکیل نو کریں گے۔ ن لیگ اوورسیز پاکستانیوں سے کیے گئے وعدے ضرور پورے کرے گی، ان کے مسائل اولین سطح پر حل کیے جائیں گے۔اوورسیز پاکستانی قائدِ ن لیگ میاں نواز شریف اور وزیرِ اعظم پاکستان میاں شہباز شریف کے دلوں میں بستے ہیں۔ قائد نواز شریف کی ہدایت کے مطابق پاکستان کی اقتصادی ترقی مسلم لیگ ن کی حکومت میں اہم ترجیح ہے۔ ملک کے مستقبل کو محفوظ کرنے میں اوورسیز پاکستانیز کا بہت بڑا کردار ہے جو ہمارے بیرون ملک بہترین سفیر ہیں۔

مسلم لیگ (ن )کے چیف کوآرڈینیٹر انٹرنیشنل افیرز اور اوورسیزپاکستانیز بیرسٹر امجد ملک نے روشن پاکستان نیوز سے خصوصی گفتگوکرتے ہوئے اوورسیز کی بابت منشور سفارشات بارے بریف کیا۔

انہوں نے کہا کہ16 رکنی اقدامات کا پیکج اور اقدامات انکی پارٹی کی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہوں گے ۔ ان میں اوورسیز پاکستانیوں کیلئے مخصوص نشستیں ،ون ونڈو سرمایہ کاری کی سہولت، مخصوص امیگریشن کاؤنٹرز،خصوصی عدالتیں اور کمرشل کاؤنٹرز، پبلک سیکٹر ہاوسنگ اسکیموں میں دس فیصد کوٹہ اور پانچ فیصد مالیاتی رعائت،خصوصی قومی بچت اسکیم،آن لائن بائیو میٹرک تصدیق، کاروباری منصوبوں اور سٹارٹ اپ کیلئے سہولت کاری شامل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس کے علاوہ تمام صوبوں میں اوورسیز کمیشن کا قیام، وطن واپسی پر خوش آمدید اور مکمل سہولیات ، جائیداد سے متعلق تنازعات کا حل، تنازعات کے متبادل حل کیلئے طریقہ کار، زیادہ ترسیلات بھیجنے والوں کی ستائش اور انعام و کرام، دستاویزات کی آن لائن تصدیق،پاسپورٹ اور نادرا کی آن لائن سہولت، اور تارکین وطن پر مشتمل ایڈوائزری کونسلز کا قیام ان نکات میں شامل ہیں جن پر نئی حکومت میں خصوصی غور ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ تھنک ٹینک کے قیام میں تارکین وطن کی آراء اور اپنے سفارت خانوں کے ساتھ ملکر نام ترتیب دئیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیز ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں اور انکے لئے منشور میں جن نکات کا اعلان ہوا ہے ان پر جلد عمل درآمد ہونا شروع ہوجائیگا۔ منشور کی کامیابی میں ہی اوورسیز پاکستانیوں کی فلاح پنہاں ہے۔

انہوں نے کہاکہ وہ وقت دور نہیں انشاءاللہ پھر پاکستان میاں محمد نواز شریف اور میاں محمد شہباز شریف کی قیادت میں ترقی کی راہوں پر دوبارہ گامزن ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ قائد نواز شریف کی ہدائت کے مطابق انکی قیادت میں پاکستان کی اقتصادی ترقی انکی جماعت کی حکومت میں اہم ترجیح ہوگی۔ اوورسیز پاکستانیوں کو منشور کے مطابق پارلیمان کا حصہ بنائیں گے اور سعودیہ اور بیرون ملک دنیا سے رول ماڈل اشخاص پر مشتمل ایڈوائزری کونس کی تشکیل نو کریں گے۔

پاکستان مسلم لیگ ن اوورسیز کے چیف کوآرڈینیٹر کا کہناتھا کہ اوورسیز کی وزارت اتحادی جماعت ق لیگ کو دینے کے باوجود اوورسیز پاکستانیوں کو ملک اور بیرونِ ملک بااختیار بنائیں گے۔

امجد ملک کا کہناتھا کہ ہمارے پارٹی منشور میں اوورسیز پاکستانیوں کے لیے پارلیمنٹ میں نشستوں کے علاوہ انہیں اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن میں عہدے دے کر بااختیار بنانا شامل تھا، اسے ضرور مکمل کریں گے جبکہ او پی ایف کو دوبارہ فعال کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو سفارت خانوں سے بہت زیادہ شکایات ہیں ان کے خاتمے کے لیے جامع فریم ورک تیار کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ ہم نے پہلے بھی کرکے دکھایا تھا اب بھی مسلم لیگ ن تارکین وطن کو مایوس نہیں کرے گی۔

انہوں نے اپنی گفتگومیں پاکستانی حکومتوں سے شکوہ بھی کیا کہ حکومتیں آتی جاتی ہیں ،مختلف سیاسی جماعتوں کے سربراہان حکومتیں بنا کر مکمل کر کے چلے جاتے ہیں مگر اوورسیز پاکستانیز کے لئے درد دل رکھنے والے حکمران نہیں آئے۔

دوہری شہری کے حوالے سے کئے گئے سوال پر انہوں نے کہاکہ قومی اسمبلی میں ایک زبردست بحث دوہری شہریت، عوامی فرض اور حکومت پاکستان میں خدمات کے حوالے سے ہونی چاہیے کیونکہ پاکستان نے دوسرے ممالک میں دوطرفہ حیثیت کے 16 سے زائد معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام میں دہری شہریت پر پروپیگنڈہ ایک پریشانی اور منفی تاثر پیدا کرتا ہے اور اسی لاکھ اوورسیز پاکستانیوں کے ساتھ زیادتی ہے۔ اوورسیز سالانہ 25بلین ڈالر زرمبادلہ بھیجتے ہیں اور انہیں ہی اگر ایسا ویسا کچھ کہا جائے تو زیادتی ہے ۔آپ ملکی قانون سیدھا کریں دوسروں پر تہمتوں کا طوفان مت باندھیں۔

ان کا کہنا تھاکہ اس مسئلے کے حل کی اشد ضرورت ہے۔

آخر میں بیرسٹر امجد ملک نے عمرہ سے واپسی پر آب زم زم اورکھجوروں کا تحفہ بھی روشن پاکستان نیوز کی ٹیم کو پیش کیا۔اس کے علاوہ انہوں نے اپنی کتاب بھی پیش کی۔

 

 

بیرسٹر امجد ملک نے روشن پاکستان نیوز کے لئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا

 

بیرسٹر امجدملک نے کہاکہ امید کرتا ہوں روشن پاکستان نیوز  پہلے کی طرح آئندہ بھی اوورسیز پاکستانیز کے لئے آواز بلندکرتا رہے گا ۔

مزید خبریں

FOLLOW US

Copyright © 2024 Roshan Pakistan News