اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سمیت 8 ججز کے خلاف مشکوک خطوط ملنے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کرلیا گیا۔
مشکوک خطوط ملنے کا مقدمہ ہائی کورٹ کے بیلف قدیر احمد کی مدعیت میں دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج کیا گیا۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق تحریک ناموس پاکستان کا حوالہ دے کر نظام انصاف کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ دھمکی کے لیے مخصوص شکل اور انگریزی کا لفظ Bacilus Anthracis استعمال کیا گیا۔ تمام خطوط ریشم خاتون اہلیہ وقار حسین کے نام نامکمل پتے پر موصول ہوئے۔ نائب قاصد اکرام اللہ کے ذریعے 8 لفافے تقسیم کئے۔ عدالتی اہلکار قمر خورشید نے فون پر بتایا کہ خط نہ کھولے جائیں کیونکہ ان میں کیمیکل ہوتا ہے۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق عدالتی اہلکار قمر خورشید نے فون پر بتایا کہ خط نہ کھولے جائیں کیونکہ ان میں کیمیکل موجود ہے۔ پولیس کو مشکوک علاقوں سے متعلق تمام صورتحال سے آگاہ کیا گیا۔