کراچی(روشن پاکستان نیوز) ملیر میں جائیداد کے تنازع پر بیٹے نے دوست کو 15 ہزار روپے اور آئی فون کا لالچ دے کر باپ کو قتل کروا دیا تاہم پولیس نے مقتول کے بیٹے اور اس کے دوست کو گرفتار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ملیر میں جائیداد کے تنازع پر بیٹے کی جانب سے اپنے ہی سگے باپ کو سپاری دے کر قتل کروانے کا ہولناک انکشاف سامنے آیا۔
پولیس نے جدید ٹیکنالوجی اور خفیہ معلومات کی مدد سے اندھے قتل کی اس واردات کو چند ہی دنوں میں حل کرتے ہوئے مقتول کے بیٹے اور اس کے دوست کو گرفتار کر لیا۔
ایس ایس پی ملیر نے بتایا کہ یہ افسوسناک واقعہ تھانہ ابراہیم حیدری کی حدود لیبر کالونی میں پیش آیا تھا، جہاں محمد اقبال نامی شہری کو فائرنگ کر کے قتل کیا گیا تھا۔
پولیس تحقیقات میں گرفتار ملزم اعجاز نے اپنے باپ کے قتل لرزہ خیز تفصیلات بتاتے ہوئے کہا والد سے درمیان جائیداد کا تنازع چل رہا تھا، باپ کو راستے سے ہٹانے کے لیے اپنے دوست شیراز کو 15 ہزار روپےاورآئی فون کی پیشکش کی
شیراز نے اس معمولی رقم اور موبائل فون کی لالچ میں آ کر محمد اقبال پر فائرنگ کی اور انہیں موت کے گھاٹ اتار دیا۔
اے این ایف کا بڑا کریک ڈاؤن، 2,790 کلوگرام منشیات برآمد، 2 ملزمان گرفتار
ایس ایس پی ملیر نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ملزمان نے اس اندوناک واردات کو عام ڈکیتی کے دوران مزاحمت کا رنگ دینے کی بھرپور کوشش کی تھی تاکہ پولیس کو گمراہ کیا جا سکے، تاہم پولیس کی تفتیشی ٹیم نے ٹیکنیکل بنیادوں اور خفیہ معلومات کا سہارا لے کر ملزمان کا یہ ڈرامہ بے نقاب کر دیا۔
پولیس نے کامیاب چھاپہ مار کارروائی کے دوران دونوں گرفتار ملزمان اعجاز اور شیراز کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کر لی ہے جبکہ ملزمان کے خلاف باقاعدہ مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے.
ایس ایس پی ملیر کا کہنا ہے کہ اس گھناؤنے واقعے کی منصوبہ بندی اور سہولت کاری میں ملوث مزید افراد کی گرفتاری کے لیے بھی مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔











