هفته,  04 جولائی 2026ء
پیٹرولیم قیمتوں میں معمولی کمی شرمناک ہے، 48 گھنٹوں میں احتجاج کا اعلان کریں گے، حافظ نعیم الرحمان

لاہور(روشن پاکستان نیوز): امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی کمی کے فیصلے کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے عوام دشمن قرار دیا ہے اور اگلے 48 گھنٹوں میں ملک گیر احتجاجی مظاہروں کا انتباہ دیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ‘ایکس’ پر اپنے ایک تند و تیز ردعمل میں حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکومت کی جانب سے پٹرول کی قیمت میں صرف 1 روپے 97 پیسے کمی کا اعلان انتہائی افسوسناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ نہ صرف افسوسناک ہے بلکہ شرمناک اور سراسر عوام دشمنی پر مبنی ہے۔ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے مطالبہ کیا کہ پاکستان میں بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں عالمی مارکیٹ میں جنگ شروع ہونے سے پہلے کی سطح کے مطابق مقرر کی جائیں۔

حکومت نے پیٹرول پر لیوی 6 روپے 22 پیسے فی لیٹر بڑھا دی

امیر جماعت اسلامی نے حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بڑی اور ریلیف فراہم کرنے والی کمی نہ کر کے حکومت غریب عوام کے حق پر ڈاکہ مار رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پٹرولیم لیوی کے نام پر غریب اور مڈل کلاس عوام سے زبردستی ‘بھتہ ٹیکس’ وصول کیا جا رہا ہے، جسے جماعت اسلامی اب مزید کسی صورت چلنے نہیں دے گی۔

حافظ نعیم الرحمن نے عوام کو پکارتے ہوئے کہا کہ اپنا جائز حق لینے کے لیے اب عوام کو خود سڑکوں پر آنا ہوگا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ حکومت کے اس ظالمانہ فیصلے کے خلاف جماعت اسلامی اگلے 48 گھنٹوں کے اندر ملک گیر احتجاجی مظاہروں کے شیڈول کا اعلان کرے گی۔

مزید خبریں