اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) انسدادِ منشیات فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف سات کارروائیاں کرتے ہوئے ایک خاتون سمیت 8 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
اے این ایف کے مطابق کارروائیوں کے دوران 65 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 45.55 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی۔
کراچی کے فیڈرل بی ایریا میں واقع ایک کورئیر آفس سے بحرین بھیجے جانے والے پارسل میں بچوں کے کپڑوں سے 4 کلوگرام گراس آئس برآمد کی گئی۔ کراچی صدر کے ایک کورئیر آفس میں بحرین جانے والے پارسل سے مردانہ کپڑوں میں جذب 6.350 کلوگرام آئس بھی برآمد ہوئی۔
ملک بھر میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف اے این ایف کا کریک ڈاؤن، 5 ملزمان گرفتار
بکھر روڈ، ضلع جھنگ کے قریب ایک گاڑی سے 5 کلوگرام آئس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کیا گیا۔ شیر شاہ ٹول پلازہ، ملتان کے قریب ایک گاڑی سے 14.400 کلوگرام چرس برآمد کر کے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
کسٹم چوک، پشاور کے قریب ایک ملزم کے قبضے سے 5 کلوگرام چرس برآمد کی گئی، جبکہ کینال روڈ لاہور کے قریب رکشے میں سوار دو ملزمان سے 4.8 کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔
میکلوڈ روڈ لاہور میں ایک مسجد کے قریب خاتون کے قبضے سے 3.6 کلوگرام چرس اور 2.4 کلوگرام افیون برآمد کر لی گئی۔
اے این ایف نے تمام ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔











