پیر,  05 اکتوبر 2026ء
سام سنگ کا پاکستان میں بڑا جھٹکا! لوکل موبائل پروڈکشن کیوں رک گئی؟ اصل وجہ سامنے آگئی

اسلام آباد( محب) پاکستان میں موبائل فونز کی مقامی پیداوار کے حوالے سے ایک بڑا سوال سامنے آ گیا ہے۔ دسمبر 2021 میں لکی موٹر کارپوریشن کے اشتراک سے کراچی میں اسمارٹ فونز کا لوکل اسمبلی پلانٹ قائم کرنے والی عالمی کمپنی سام سنگ کو ایسے سنگین معاشی اور درآمدی مسائل کا سامنا کرنا پڑا جنہوں نے مقامی پیداوار کو بری طرح متاثر کیا۔

ذرائع کے مطابق پاکستان میں زرمبادلہ کے ذخائر پر دباؤ کے باعث موبائل فونز کی اسمبلی کے لیے درکار CKD اور SKD کٹس کی درآمد مشکلات کا شکار ہوئی۔ اسٹیٹ بینک کی جانب سے درآمدات اور لیٹر آف کریڈٹ یعنی LCs سے متعلق سختیوں کے باعث کمپنیوں کے لیے ضروری پرزہ جات منگوانا اور کلیئر کروانا مشکل ہوگیا۔ خام مال کی عدم دستیابی نے مقامی اسمبلی پلانٹس کی پیداوار کو شدید متاثر کیا اور کئی مواقع پر پروڈکشن روکنے کی صورتحال پیدا ہوئی۔

دوسری جانب ڈالر کے مقابلے میں روپے کی مسلسل گرتی ہوئی قدر نے موبائل فونز کی مقامی اسمبلی کو مزید مہنگا کردیا۔ درآمدی پرزہ جات کی قیمت میں اضافے کے باعث وہ اسمارٹ فونز جو عام صارفین کو نسبتاً کم قیمت پر فراہم کرنے کے لیے تیار کیے جا رہے تھے، ان کی پیداواری لاگت میں نمایاں اضافہ ہوگیا۔

مسئلہ صرف ڈالر اور درآمدی پابندیوں تک محدود نہیں رہا۔ موبائل فونز کے پرزہ جات پر مختلف ٹیکسز، ڈیوٹیز اور دیگر مالیاتی بوجھ نے بھی مقامی مینوفیکچرنگ کی لاگت بڑھا دی۔ نتیجتاً لوکل اسمبلی کے ذریعے حاصل ہونے والی لاگت کی بچت بھی شدید دباؤ میں آگئی۔

پنجاب میں 33 موبائل پولیس اسٹیشنز کا آغاز، پولیس سروسز اب شہریوں کی دہلیز پر

اور پھر آیا سب سے بڑا مسئلہ، یعنی پاکستانی صارف کی کم ہوتی ہوئی قوتِ خرید۔

مہنگائی میں مسلسل اضافے نے عوام کی جیب پر ایسا دباؤ ڈالا کہ اسمارٹ فون کی خریداری بہت سے خاندانوں کے لیے فوری ضرورت کے بجائے ایک ثانوی ترجیح بن گئی۔ مارکیٹ میں نئے موبائل فونز کی طلب میں نمایاں کمی کے باعث کمپنیوں کے لیے نئی پیداوار جاری رکھنا مزید مشکل ہوگیا اور تیار شدہ اسٹاک بھی مارکیٹ میں دباؤ کا شکار ہوا۔

یوں ایک طرف پرزہ جات کی قلت، دوسری طرف ڈالر کی بڑھتی قیمت، اوپر سے ٹیکسز اور ڈیوٹیز، جبکہ آخری وار کم ہوتی ہوئی عوامی قوتِ خرید نے پاکستان میں موبائل فونز کی مقامی اسمبلی کے شعبے کو شدید مشکلات سے دوچار کردیا۔

سوال یہ ہے کہ جس لوکل موبائل مینوفیکچرنگ کو پاکستان میں روزگار، سرمایہ کاری اور سستے موبائل فونز کے لیے امید کی کرن قرار دیا جا رہا تھا، کیا وہ معاشی بحران کے سامنے دم توڑ رہی ہے؟

سام سنگ کا لوکل اسمبلی پلانٹ پاکستان کی موبائل مینوفیکچرنگ انڈسٹری کے لیے ایک بڑی پیش رفت سمجھا گیا تھا، لیکن موجودہ معاشی حالات نے اس شعبے کے مستقبل پر بھی بڑے سوالیہ نشان کھڑے کر دیے ہیں۔

مزید خبریں