ریاض (وقار نسیم وامق) ممتاز اوورسیز پاکستانی، پیپلز پارٹی گلف و سعودی عرب کے سنیئر رہنما اور بزمِ ریاض کے چیئرمین محمد ریاض راٹھور کے انتقالِ پرملال کے موقع پر بزمِ ریاض کا ایک خصوصی آن لائن تعزیتی اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت بزمِ ریاض کے صدر تصدق گیلانی نے کی۔ اجلاس میں محمد ریاض راٹھور کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی خدمات، شخصیت اور کمیونٹی کے لیے ان کی بے لوث جدوجہد کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
اجلاس میں بزمِ ریاض کے ذمہ داران و اراکین تنویر میاں، وقار نسیم وامق، ارشد شیخ، وسیم ساجد، آر جے فواد، سلیمان زاہد، کامران گیلانی اور دیگر نے شرکت کی اور مرحوم کے ساتھ اپنی یادوں، ان کی تنظیمی خدمات اور ادبی و سماجی سرگرمیوں میں ان کے کردار کو تفصیل سے بیان کیا۔ شرکاء نے کہا کہ ریاض راٹھور بزمِ ریاض کے لیے ایک مضبوط ستون کی حیثیت رکھتے تھے اور ان کی کمی طویل عرصے تک محسوس کی جائے گی۔
پاکستانی کمیونٹی ریاض کی مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں کے نمائندوں نے بھی آن لائن اجلاس میں شرکت کی، فیصل علوی، رانا سرفراز احمد، بابائے ریاض قاضی اسحاق میمن، خالد رانا، وسیم ساجد، سردار عبدالرزاق، الیاس رحیم اور دیگر نمائندوں نے اپنے اظہارِ خیال میں مرحوم کی شخصیت کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ ایک ملنسار، فعال اور کمیونٹی کے لیے ہمیشہ پیش پیش رہنے والے فرد تھے۔ انہوں نے سیاسی، سماجی اور ادبی حلقوں میں جو خدمات سرانجام دیں وہ ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
اجلاس میں معروف مذہبی اسکالر قاری عزیز الرحمن درانی نے مرحوم کے ایصالِ ثواب اور مغفرت کے لیے خصوصی دعا کروائی۔ انہوں نے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل عطا کرے۔











