تیزاب گردی کا شکار لیڈی ڈاکٹر ماہ نور کو علاج کے لیے امریکہ بھیجنے کا فیصلہ

کوئٹہ (روشن پاکستان نیوز)  بلوچستان حکومت نے تیزاب گردی کا شکار لیڈی ڈاکٹر ماہ نور ناصر کو علاج کے لیے امریکہ بھیجنے کا فیصلہ کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان کی خصوصی ہدایت پر حکومت نے تیزاب گردی کا شکار ہونے والی لیڈی ڈاکٹر ماہ نور ناصر کو مزید اور بہترین علاج کے لیے بیرون ملک بھیجنے کا اصولی فیصلہ کر لیا گیا۔

اس سلسلے میں وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کی جانب سے باقاعدہ مراسلہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

ترجمان بلوچستان حکومت نے بتایا کہ متاثرہ لیڈی ڈاکٹر ماہ نور اس وقت کراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج ہیں جہاں ان کی حالت کے پیش نظر مزید ایک ہفتے تک علاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ حکومت بلوچستان نے لیڈی ڈاکٹر کو مزید خصوصی اور بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے امریکہ بھیجنے کی قانونی اور سفارتی کارروائی کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے اور انہیں جلد از جلد بیرون ملک روانہ کیا جائے گا۔

کوئٹہ: خاتون ڈاکٹر پر تیزاب پھینکنے کے واقعے کا مرکزی ملزم مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک

ترجمان حکومت بلوچستان کا مزید کہنا تھا کہ صوبائی حکومت متاثرہ خاتون ڈاکٹر کے ساتھ کھڑی ہے اور انہیں علاج معالجے کی بہترین اور عالمی معیار کی سہولتیں دینے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ اس کیس کی خود نگرانی کر رہا ہے تاکہ ڈاکٹر ماہ نور کی جلد اور مکمل صحت یابی کو یقینی بنایا جا سکے۔

مزید خبریں