اتوار,  07 جون 2026ء
کوئٹہ: خاتون ڈاکٹر پر تیزاب پھینکنے کے واقعے کا مرکزی ملزم مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک

کوئٹہ (روشن پاکستان نیوز) سول ہسپتال کوئٹہ میں خاتون پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹر، ڈاکٹر ماہ نور ناصر، پر تیزاب پھینکنے کے ہولناک واقعے میں مطلوب ملزم مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہو گیا۔

پولیس حکام کے مطابق ملزم ہمایوں شاہ کو گرفتار کرنے کے لیے کارروائی کی جا رہی تھی کہ نوشکی بس اسٹاپ کے قریب پولیس اور ملزم کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ مبینہ مقابلے کے دوران ملزم گولیاں لگنے سے موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ہمایوں شاہ ڈاکٹر ماہ نور ناصر پر تیزاب پھینکنے کے مقدمے میں مطلوب تھا۔ کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔ واقعے سے متعلق مزید تحقیقات اور قانونی کارروائی جاری ہے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل سول ہسپتال کوئٹہ میں خاتون پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹر ماہ نور ناصر پر تیزاب پھینکنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا، جس کے بعد طبی برادری میں شدید غم و غصہ پایا گیا۔

واقعے کے خلاف ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن (YDA) بلوچستان نے شدید احتجاج کرتے ہوئے صوبے بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں او پی ڈی (OPD) اور دیگر غیر ہنگامی طبی خدمات کے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا۔ تنظیم کے رہنماؤں نے مطالبہ کیا تھا کہ ملزم کو فوری گرفتار کرکے قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے اور طبی عملے کی سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے۔

ڈاکٹرز تنظیموں اور شہری حلقوں نے خاتون ڈاکٹر پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے معاشرے میں بڑھتے ہوئے تشدد کا ایک تشویشناک واقعہ قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ طبی عملے کو محفوظ ماحول فراہم کرنا حکومت اور متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے۔

پولیس کے مطابق کیس کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں جبکہ مبینہ مقابلے کے حوالے سے بھی قانونی ضابطوں کے تحت کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔

مزید خبریں