گجرات(روشن پاکستان نیوز) پنجاب کے ضلع گجرات کی تحصیل سرائے عالمگیر میں 5 سالہ بچی کو اغواء کے بعد قتل کر دیا گیا۔ لیکن پولیس تاحال قاتلوں کو گرفتار نہ کرسکی۔ سرائے عالمگیر کے گاؤں کھوہار سے تعلق رکھنے والی زہرہ گھر سے ٹیوشن کیلئے نکلی لیکن واپس نہ آئی۔ جس کے بعد گھر والوں کو اگلے روز لخت جگر کی خون میں لت پت لاش گھر کے قریب حویلی سے ملی۔ والدین کا کہنا ہے کہ ننھی پری کو اغواء کے بعد قتل کیا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ معصوم زہراء 5 جنوری کو مبینہ طور پر اغواء ہوئی اور 6 جنوری کو اس کی بوری بند لاش ملی تھی۔ جس کے بعد انکشاف ہوا تھا کہ بچی کے ساتھ جنسی درندگی کی گئی۔ معصوم بچی کے ساتھ ہونے والی درندگی اور انتہائی سفاکیت کے ساتھ موت کے گھاٹ اتارے جانے پر بچی کے والدین اور اہل علاقہ شدید غم و غصّے کی کیفیت میں ہیں۔ ننھی بچی کی ڈی این اے ٹیسٹ رپورٹ تاحال نہیں آسکی ہے۔ پولیس کا کہنا تھا کہ مبینہ زیادتی کا نشانہ بنانے والے سفاک قاتل کی گرفتاری کیلئے کئی مشکوک افراد کو بھی حراست میں لیا جاچکا ہے۔
مزید پڑھیں: لبنانی نیوز اینکر عبیر راحل شوہر کے ہاتھوں عدالت میں قتل