جمعرات,  24  ستمبر 2026ء
ینومک ٹیکنالوجی صحت، خوراک اور لائیو اسٹاک کے شعبوں میں انقلاب لا سکتی ہے، ڈی جی این اے آر سی

راولپنڈی (روشن پاکستان نیوز): ڈائریکٹر جنرل نیشنل ایگریکلچرل ریسرچ سینٹر (این اے آر سی) ڈاکٹر محمد منصور نے کہا ہے کہ دنیا کے بیشتر ممالک جینومک ٹیکنالوجی میں تیزی سے ترقی کر رہے ہیں اور اس سے صحت، خوراک، لائیو اسٹاک اور دیگر سائنسی شعبوں میں بھرپور استفادہ کیا جا رہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان نیشنل انسٹی ٹیوٹ فار جینومکس اینڈ ایڈوانسڈ بائیوٹیکنالوجی (نیگیب) اسلام آباد اور بیلا زون ڈائیگناسٹک کے زیر اہتمام منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ڈاکٹر محمد منصور نے کہا کہ نیگیب ملک میں جدید ٹیکنالوجی اور جدید لیبارٹریوں کے قیام کے لیے عملی اقدامات کر رہا ہے، جس سے جینومک ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں ترقی کی نئی راہیں کھولی جا سکیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اس ٹیکنالوجی کے ذریعے صحت، خوراک، لائیو اسٹاک اور دیگر شعبوں میں نمایاں فوائد حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

سیمینار سے ڈاکٹر محمد رمضان خان، محمد ابرار ولی، ڈاکٹر محمد عاصم، ڈائریکٹر پنجاب لائیو اسٹاک، ڈاکٹر فرحان، ڈائریکٹر پولٹری انسٹیٹیوٹ، میجر (ر) کامران اور احمر زمان خان، چیف ایگزیکٹو بیلا زون ڈائیگناسٹک سمیت دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔

مقررین نے کہا کہ نیگیب ملک میں جدید ٹیکنالوجی اور جدید لیبارٹریوں کے قیام کے حوالے سے اہم اقدامات کر رہا ہے، جس سے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد کو فائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے اور مستقبل میں جینومک ٹیکنالوجی کے ذریعے ملک میں سائنسی تحقیق اور ترقی کو مزید فروغ دیا جا سکے گا۔

سیمینار میں خواتین محققین سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر شرکا کی جانب سے مختلف سوالات کیے گئے، جن کے مقررین نے تفصیلی جوابات دیے۔ بعد ازاں شرکا کو لیبارٹری کا دورہ بھی کرایا گیا اور جدید سہولیات سے آگاہ کیا گیا۔

مزید خبریں