اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) گیارہویں امام حضرت امام حسن عسکریؑ کے 1216ویں جشنِ ولادت کے سلسلے میں مرکزی امام حسین کونسل کے زیر اہتمام اسلام آباد میں خصوصی تقریب منعقد ہوئی، جس میں ممتاز مذہبی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب میں ڈاکٹر غضنفر مہدی، علامہ ڈاکٹر حسین احمد ہمدانی، سیدہ سلمہ گیلانی، سبطین رضا لودھی، نعیم اکرم قریشی، سیدہ روبینہ، احسان کبریا، جہانزیب جمال قریشی، سید اخلاق زیدی، انوار زیدی اور شہباز حیدر سمیت دیگر نے شرکت کی۔ اس موقع پر سیدہ سلمہ گیلانی کی جانب سے لنگر کا اہتمام کیا گیا جبکہ جشنِ ولادت کی مناسبت سے کیک بھی کاٹا گیا۔
ڈاکٹر غضنفر مہدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت امام حسن عسکریؑ نے اپنی زندگی اپنے جدِ امجد حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی تعلیمات کے فروغ اور دین کی تبلیغ میں گزاری۔ مقررین نے کہا کہ امام حسن عسکریؑ کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے انفرادی اور اجتماعی زندگی میں اصلاح لائی جا سکتی ہے۔
مقررین نے ظہورِ امام مہدیؑ سے متعلق اپنے مذہبی مؤقف کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ظہور کی تمام علامات و شواہد مکمل ہو چکے ہیں۔ تقریب کے دوران ایرانی خطیب علامہ یاسر مشہدی کی اہلیہ کی جانب سے فاتحہ خوانی بھی کی گئی جبکہ سیدہ سلمہ گیلانی کی مکمل صحت یابی اور روشن مستقبل کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔











