اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی 38ویں سالگرہ کے موقع پر اسلام آباد میں پیپلز پارٹی کے رہنماؤں اور کارکنوں کی جانب سےایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیاجس میں پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں نے شرکت کی اور بلاول بھٹو زرداری کی سالگرہ کا کیک کاٹا۔تقریب میں شرکت کرنیوالوں میںسیکرٹری جنرل پاکستان پیپلز پارٹی ہمایوں خان، سابق صوبائی وزیر اور پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی رہنما آسیہ جہانگیر سمیت دیگر پارٹی رہنماء اور کارکنوں کی کثیر تعداد شامل تھی۔ اس موقع پر شرکاء نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو 38ویں سالگرہ کی مبارکباد پیش کی اور ان کی صحت، سلامتی، درازیٔ عمر اور سیاسی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی رہنماؤں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے سیاسی مشن کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ملک میں جمہوریت، آئین، عوامی حقوق اور معاشی و سماجی انصاف کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے۔رہنماؤں کا کہنا تھا کہ نوجوان قیادت ملک کے مستقبل کے لیے اہم کردار ادا کر سکتی ہے اور بلاول بھٹو زرداری نے پارلیمانی و سیاسی میدان میں اپنی صلاحیتوں کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے کارکن بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پارٹی کے منشور اور جمہوری اصولوں کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔اس موقع پر کارکنوں نے بلاول بھٹو زرداری کے حق میں نعرے بھی لگائے جبکہ شرکاء نے ایک دوسرے کو مٹھائی کھلا کر خوشی کا اظہار کیا۔ بعد ازاں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا۔











