منگل,  15 جولائی 2025ء
ویلڈن ثناء میر! پاکستان کی بیٹی, سابق پاکستانی ویمن ٹیم کپتان ثنا میر آئی سی سی ہال آف فیم میں شامل…..

.. ( اصغرعلی مبارک )… . ویلڈن ثناء میر! پاکستان کی بیٹی, سابق پاکستانی ویمن ٹیم کپتان ثنا میر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) کے ہال آف فیم میں شامل ہونے والی ملک کی پہلی خاتون کرکٹر بن گئیں ,ان سے قبل پاکستان کے وسیم اکرم، جاوید میانداد، عبدالقادر، ظہیر عباس، عمران خان،وقار یونس اور حنیف محمد ہال آف فیم کا حصہ بن چکے ہیں۔
ثنا میرنے 2018 میں خواتین کی ون ڈے انٹرنیشنل رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کی اور اس ٹیم کی قیادت کی جس نے 2010 اور 2014 کے ایشین گیمز میں سونے کا تمغہ جیتا تھا,
ثنا میر کا عروج پاکستانی خواتین کے لیے کھیلوں کے مواقع میں اضافے کے ساتھ ہوا جنہیں 2000 کی دہائی کے اوائل تک کھلے میدانوں میں کھیلنے کی اجازت نہیں تھی,
ثنا میر نے 2005 میں اپنے ڈیبیو کے بعد سے 226 بین الاقوامی میچ کھیلے، وہ ان نو خواتین کرکٹرز میں سے ایک ہیں جنہوں نے ون ڈے میچوں میں 100 وکٹیں حاصل کیں اور 1000 رنز بنائے,
ثنا میر کی قیادت میں پاکستانی ٹیم نے دو ورلڈ کپ اور پانچ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی حصہ لیا۔ آئی سی سی نے جن سات نامور کرکٹرز کو شامل کیا ان میں ثنا میر بھی شامل ہیں، دیگر میں بھارت کے ایم ایس دھونی، آسٹریلیا کے میتھیو ہیڈن، نیوزی لینڈ کے ڈینیئل ویٹوری، انگلینڈ کی سارہ ٹیلر اور جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ اور گریم اسمتھ شامل ہیں۔ہال آف فیم میں شامل ہونے والے نئےکھلاڑیوں کا اعلان ویسٹ انڈین لیجنڈ ای این بشپ نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ سے قبل لندن میں ہونے والی تقریب میں کیا۔

اس موقع پر ثنا میر کا کہنا تھا کہ یہ پاکستان کی سڑکوں پر کرکٹ کھیل کر یہاں تک پہنچنا ایک طویل سفر ہے، ہال آف فیم میں شامل ہونا ان کے لیے ایک جذباتی موقع ہے۔
ثنا میر کا کہنا تھا کہ ایک وقت تھا کہ پاکستان میں ویمن پلیئرز کی تعداد مکمل نہیں تھی، ہمارے پاس ویمن کرکٹرز رول ماڈل ہی نہیں تھیں، آج اتنی بڑی تعداد میں خواتین کرکٹرز ہیں جو سب کے لیے مثال ہیں
آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ نے لندن کے ایبی روڈ اسٹوڈیوز میں ایک شاندار تقریب میں ہال آف فیم کے نئے اراکین کا خیرمقدم کیا۔ آئی سی سی کے چیئرمین نے اس موقع پر کہا کہ آئی سی سی ہال آف فیم کے ذریعے، ہم کرکٹ کے بہترین کھلاڑیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، یہ وہ لوگ ہیں جن کے قابل ذکر کیریئر نے کرکٹ کی وراثت کو تشکیل دیا اور نسلوں کو متاثر کیا۔
چیئرمین آئی سی سی نے مزید کہا کہ اس سال، ہمیں اس باوقار گروپ میں سات واقعی شاندار افراد کو شامل کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔ آئی سی سی کی جانب سے، میں ان میں سے ہر ایک کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ وہ اس مستحق پہچان کو اپنے کرکٹ سفر میں ایک اہم لمحہ سمجھیں گے۔“
دوسری طرف یئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے آئی سی سی ہال آف فیم میں شمولیت پر ثناء میر کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ثنا میر نے سبز ہلالی پرچم کو بلند اور ملک کا نام روشن کیا ہے۔ ایک بیان میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا ہے کہ ویلڈن ثناء میر! پاکستان کی بیٹی نے پاک دھرتی کا مان بڑھایا جس سے سبز ہلالی پرچم بلند اور پاکستان کا نام روشن ہوا ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ثناء میر پاکستان کرکٹ کا اثاثہ اور خواتین کرکٹرز کے لیے رول ماڈل ہیں، ثناء میر کو ہال آف فیم ملنا پاکستان ویمنز کرکٹ کی تاریخ میں ایک سنگ میل ہے، ثناء میر نے خواب دیکھا، محنت کی اور تاریخ رقم کردی۔
چیئرمین پی سی بی نے مزید کہا ہے کہ آج ایک ثناء میر کو اعزاز ملا ہے، انشااللّٰہ وہ دن دور نہیں جب متعدد پاکستانی ویمنز کرکٹرز یہ اعزاز حاصل کریں گی۔

مزید خبریں