چارسدہ(روشن پاکستان نیوز) جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پارٹی کے سابق ایم پی اے اور معروف عالم دین مولانا محمد ادریس کے قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے 8 مئی کو نماز جمعہ کے بعد پورے ملک میں مظاہروں کا اعلان کردیا۔
چارسدہ میں مولانا فضل الرحمان نے مولانا محمد ادریس کے گھر جا کر تعزیت کی اور مولانا محمد ادریس کو خراج عقیدت پیش کیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اختلاف رائے پرکسی مسلمان کا قتل جہالت ہے، مولانا ادریس کی جدائی امت مسلمہ کے لیے صدمہ ہے، اللہ اپنی قدرت سے ظالموں سے مولانا ادریس کا انتقام لےگا، وہ امن کی تلاش میں بے امنی کا شکار ہوگئے۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ علماء کرام پاکستان کے آئین کے ساتھ کھڑے ہیں، ہمارا متفقہ فیصلہ ہےکہ پاکستان کے اندر اسلحہ اٹھانا جائز نہیں، ہمارا حکمرانوں اور اداروں سے مطالبہ ہے مفت کی تنخواہیں نہ لیں،اداروں کا فرض ہے کہ شہید کے قاتلوں کو گرفتار کریں۔











