اسلام آباد(عرفان حیدر) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف چھ بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے 9 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 356.8 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی جس کی مالیت 3 کروڑ 3 لاکھ روپے سے زائد بتائی جا رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق یارو ضلع پشین میں ہوٹل کے قریب دو گاڑیوں سے 60 کلوگرام چرس برآمد ہوئی جس کے دوران 3 ملزمان گرفتار کیے گئے۔
جامشورو ٹول پلازہ کے قریب دو گاڑیوں سے 168 کلوگرام چرس برآمد ہوئی اور 2 افراد کو حراست میں لیا گیا۔
ملتان کے شیر شاہ ٹول پلازہ کے قریب ایک ملزم سے 4 کلوگرام آئس برآمد کی گئی۔
اسی طرح فیصل آباد کے ساہیانوالہ انٹرچینج کے قریب کارروائی میں گاڑی سے 2 کلوگرام ہیروئن اور 1.6 کلوگرام آئس برآمد ہوئی، جس میں 2 ملزمان گرفتار ہوئے۔
پشاور کے کسٹم چوک کے قریب ایک ملزم سے 1.2 کلوگرام چرس برآمد کی گئی جبکہ خیبر کے علاقے شاکس روڈ پر 120 کلوگرام چرس بھی برآمد کر لی گئی۔
اے این ایف کے مطابق تمام مقدمات انسداد منشیات ایکٹ 1997 کے تحت درج کر لیے گئے ہیں اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔











