منگل,  24 نومبر 2026ء
پاکستانی نوجوان عالمی ڈیجیٹل معیشت میں نمایاں کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، حسن احمد

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) امریکہ کی ریاست نیویارک کی سفولک کاؤنٹی کے چیف ٹیکنالوجی آفیسر و آئی ٹی کمشنر حسن احمد نے کہا ہے کہ پاکستان کے باصلاحیت نوجوان ملک کا اصل سرمایہ ہیں، جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت (اے آئی)، تعلیم اور ڈیجیٹل انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری کے ذریعے پاکستان عالمی ڈیجیٹل معیشت میں نمایاں مقام حاصل کر سکتا ہے۔حسن احمد نےان خیالات کا اظہار نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، ان کامزید کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے دورہ پاکستان کے دوران وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات اور عشائیے میں شرکت کی، جبکہ چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان، وفاقی وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ اور پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی کے سربراہ ڈاکٹر سہیل منیر سے بھی ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں نوجوانوں کی ہنرمندی، روزگار کے مواقع، مصنوعی ذہانت، سائبر سکیورٹی، اسمارٹ سٹیز اور ڈیجیٹل تبدیلی کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔انہوں نے علی ڈار سے بھی پاکستان کی معاشی و تکنیکی ترقی اور پاک امریکہ سرمایہ کاری و تعاون کے امکانات پر گفتگو کی، جبکہ دورہ پشاور کے دوران گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ملاقات کی کوشش بھی کی۔حسن احمد کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان ٹیکنالوجی، سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ، سائبر سکیورٹی، ڈیجیٹل سروسز اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ میں وسیع امکانات موجود ہیں۔ امریکہ میں حاصل ہونے والے تجربات اور بین الاقوامی روابط کو بروئے کار لا کر پاکستانی نوجوانوں اور اداروں کے لیے نئے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تعلیم، جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور پیشہ ورانہ تربیت کے شعبوں میں مؤثر سرمایہ کاری ملک کو ترقی کی نئی راہوں پر گامزن کر سکتی ہے، جبکہ پاک امریکہ شراکت داری دونوں ممالک کے لیے سرمایہ کاری، جدت اور خوشحالی کے نئے امکانات پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

مزید خبریں