بہاولنگر(روشن پاکستان نیوز) موٹروے پولیس نے ایمانداری اور پیشہ ورانہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بس میں بھولا ہوا 2 لاکھ 20 ہزار روپے مالیت کا سامان تلاش کرکے اصل مالک کے حوالے کردیا۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق بہاولنگر سے ساہیوال جانے والا ایک مسافر اپنا بیگ بس میں بھول گیا تھا، جس میں ڈیڑھ لاکھ روپے نقدی اور تقریباً 70 ہزار روپے مالیت کا موبائل فون موجود تھا۔
موٹر وے پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ مسافر نے بیگ گم ہونے پر موٹروے پولیس کی ہیلپ لائن پر اطلاع دی، جس پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ بس کا سراغ لگایا اور گمشدہ سامان برآمد کرلیا۔
موٹروے پولیس نے تصدیق کے بعد 2 لاکھ 20 ہزار روپے مالیت کا تمام سامان بحفاظت اس کے اصل مالک کے حوالے کردیا۔
موٹروے پولیس کے مطابق شہریوں کی مدد، مسافروں کے تحفظ اور عوام کی امانتوں کی حفاظت پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔











