لاہور(روشن پاکستان نیوز محنت، عزم اور تعلیم سے محبت کی ایک متاثر کن مثال سامنے آئی ہے، جہاں لمز یونیورسٹی کے ریسٹورنٹ میں ویٹر کے طور پر کام کرنے والے نوجوان انصار علی نے طلبہ کی مالی معاونت اور اپنی انتھک محنت سے تعلیمی میدان میں نمایاں کامیابی حاصل کرلی۔
ننکانہ صاحب سے تعلق رکھنے والے انصار علی بچپن میں ذہین طالب علم تھے، تاہم نویں جماعت میں والد کے انتقال کے بعد گھریلو ذمہ داریوں کے باعث انہیں تعلیم ادھوری چھوڑ کر لاہور کی لمز یونیورسٹی کے ایک ریسٹورنٹ میں ملازمت اختیار کرنا پڑی۔ ان کی صلاحیتوں سے متاثر ہوکر یونیورسٹی کے چند طلبہ نے ان کی تعلیم اور گھریلو اخراجات کی ذمہ داری اٹھانے کا فیصلہ کیا اور ان کی والدہ کو بھی دوبارہ تعلیم شروع کرنے پر آمادہ کیا۔
طلبہ کی مالی معاونت اور حوصلہ افزائی سے انصار علی نے کئی سال کے تعلیمی وقفے کے بعد پرائیویٹ طور پر انٹرمیڈیٹ کا امتحان دیا اور 800 سے زائد نمبر حاصل کرکے اے گریڈ حاصل کیا۔ ان کی اس کامیابی کے نتیجے میں انہیں اسلام آباد کی معروف زیبسٹ (SZABIST) یونیورسٹی میں اکاؤنٹنگ اینڈ فنانس کی تعلیم کے لیے جزوی اسکالرشپ بھی مل گئی۔
انصار علی کی کہانی اس بات کی مثال ہے کہ معاشرے کے باصلاحیت اور مستحق نوجوانوں کو مواقع اور تعاون فراہم کیا جائے تو وہ مشکلات کو شکست دے کر کامیابی کی منزل حاصل کرسکتے ہیں۔











