هفته,  21 نومبر 2026ء
اڈیالہ جیل میں سابق وزیراعظم عمران خان اور بشریٰ بی بی کا مکمل طبی معائنہ

راولپنڈی(روشن پاکستان نیوز) جیل ذرائع کے مطابق راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کا خصوصی میڈیکل ٹیم نے مکمل طبی معائنہ کیا ہے، جبکہ دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں دونوں کی سزاؤں کے خلاف اپیلیں 25 نومبر کو سماعت کے لیے مقرر کر دی ہیں۔

جیل ذرائع کے مطابق پمز اسپتال کے ڈاکٹر عارف کی سربراہی میں خصوصی میڈیکل ٹیم اڈیالہ جیل پہنچی جہاں جیل کے طبی عملے کی معاونت سے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کا بلڈ پریشر، آنکھوں کا چیک اپ اور مکمل طبی معائنہ کیا گیا۔ میڈیکل ٹیم نے تقریباً ایک گھنٹے تک دونوں کا الگ الگ معائنہ کیا، جس کے بعد بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو واپس ان کے متعلقہ سیلز میں منتقل کر دیا گیا اور ڈاکٹر عارف گیٹ نمبر پانچ سے واپس روانہ ہو گئے۔

دوسری جانب عدالتی ذرائع کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی سزا کے خلاف دائر اپیلوں کو 25 نومبر کو سماعت کے لیے مقرر کر دیا ہے، جس کی سماعت چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل ڈویژن بینچ کرے گا۔

مخالفین بھی تسلیم کررہے ہیں کہ عمران خان سیاسی قیدی ہیں: بیرسٹر گوہر

واضح رہے کہ عدالت نے گزشتہ سماعت پر بشریٰ بی بی کو تمام ضروری طبی سہولیات فراہم کرنے اور ان کے جیل سیل میں حفظانِ صحت و صفائی ستھرائی کے مناسب انتظامات کرنے کا حکم دیا تھا۔ گزشتہ سماعت کے دوران عدالت کی جانب سے مرکزی اپیلوں پر دلائل شروع کرنے کی ہدایت پر بانی پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے تیاری کے لیے دو ہفتوں کی مہلت طلب کی تھی، تاہم بینچ نے ایک ہفتے کا وقت دیا تھا، جبکہ وکیلِ صفائی نے اپیلوں پر سماعت کی لائیو اسٹریمنگ کی استدعا بھی دائر کر رکھی ہے۔

مزید خبریں