اتوار,  22 نومبر 2026ء
وقت نہیں ہوتا میرے پاس بھائی

سید شہریار احمد
ایڈوکیٹ ہائی کورٹ

وقت نہیں ہوتا میرے پاس بھائی۔

میرے پاس اتنا وقت نہیں ہوتا کہ ہر چیز کے لیے وقت نکال سکوں۔
میں کوششیں کرتا ہوں، بھٹکتا ہوں،ہارتا ہوں ،کچھ نہیں سیکھتا سوائے اس کے کہ میں کچھ نہیں کر سکتا ۔
میں مجبور ہوں، اپنی خوشیوں کی تکمیل میں اندھا ہوا جاتا ہوں اور وقت نہیں ہے میرے پاس۔
مجھے ضرورت ہے ایک ہی وقت میں نفرت کرنے کی اور پیار پانے کی،
ایک ہاتھ سے کسی کی مدد کرنا چاہتا ہوں تو میرا دوسرا ہاتھ کچھ لینے کا منتظر ہوتا ہے۔ مجھے عادت ہے محبت میں لڑنے کی اور جنگ میں پیار کرنے کی۔
میری جبلت ہے ایک آنکھ سے ہنسنے کی اور دوسری آنکھ سے رونے کی۔
جب میں کچھ کھو دیتا ہوں تو پھر اسے ڈھونڈنے چل نکلتا ہوں اور جو کچھ بھی میں پا لیتا ہوں اسے جلد ہی بھول جاتا ہوں۔
میری روح بہت بے چین رہتی ہے، بے قرار رہتی ہے
اور سمے نہیں ہے اپنی بے چین آتما کی شانتی کے لیے میرے پاس کہ خدا کے گھر جا کر نماز کی ادائیگی کر سکوں ،گھر پر بھی عبادت کے لیے پانچ منٹ نہیں نکال پاتا لیکن گھنٹوں موبائل اور ٹیلی ویژن سکرین دیکھ سکتا ہوں۔
میرے پاس چند لمحات نہیں ہیں کہ میں کسی کی تیمارداری کے لیے اس کے گھر یا ہسپتال جا سکوں لیکن پھر میں گلہ کرتا ہوں کہ کوئی میری طرف کیوں نہیں آتا؟
کسی کو میری کوئی پرواہ نہیں؟
میرے پاس ٹائم کہاں ہے کہ کسی مظلوم اور مجبور کی دادرسی کر سکوں ،اس کی دلجوئی کے لیے خود چل کر اس کے پاس جا سکوں اور اس کے حوصلے کا سبب بن سکوں،
اگر کوئی مجھے کسی کھانے پر بلائے یا دوستوں کی محفل سجائے تو میں کوسوں دور چلا جاتا ہوں۔
کیا میں واقعی مطلبی ، بے حس اور خودغرض انسان ہوں جیسا کہ میں اپنے بارے میں سوچتا ہوں؟
کیا آپ لوگوں کے ساتھ بھی ایسا ہی ہوتا ہے یا پھر یہ سب میری ہی ذہنی اور روحانی بیماریاں ہیں؟
اور میں یہ بھی سوچتا ہوں کہ کبھی میں خود کو ٹھیک کر پاؤں گا؟ کیا میں کسی اعلی اور ارفع مقصد کے لیے وقت نکال پاؤں گا ؟لیکن میرے اندر سے آواز آتی ہے کہ نہیں ،ابھی نہیں۔

میں جب کسی لڑکی سے محبت کرتا ہوں تو اس کے پیچھے پڑتا ہوں اور جب وہ مجھے مل جاتی ہے تو میں اس سے بھاگتا ہوں۔ میں سوچتا ہوں کہ میں کیا ہوں؟
مسرتوں کی تلاش اور غموں کے گھیرے میں رہتا ہوں۔ مجھے لگتا ہے کہ اپنی خوشیوں اور غموں کے قدموں میں ہی میں جان دے دوں گا
کیونکہ میں صرف اپنی خواہشوں اور ضرورتوں کا غلام ہوں، مجھے کسی اور کی حاجات اور فکر کی پرواہ نہیں ہے اور میں اس حوالے سے کوئی جانکاری لینا بھی نہیں چاہتا کیونکہ میرے اپنے غم کیا کم ہیں کہ میں دوسروں کے مسائل بھی اپنی گٹھری میں باندھ لوں۔
اور یہ جو سال کو سردی ،گرمی، بہار ،خزاں میں پرویا گیا ہے مجھے لگتا ہے کہ ان موسموں کے تقسیم کار، پانچواں اور سب سے طویل (غم کا موسم) بوجہ شامل کرنا بھول گئے ۔
مجھے فکر دامن گیر رہتی ہے کل کی۔ یہ کل آنے والا کل بھی ہے اور گزرا ہوا کل بھی جبکہ ابھی اور آج کے بارے میں،میں بالکل نہیں سوچتا، جیسا کہ میں نے اپ کو بتایا ،میرے پاس وقت نہیں ہے۔
حالانکہ میں یہ بھی یہ جانتا ہوں کہ کل کبھی نہیں آتا جب بھی آتا ہے آج ہی آتا ہے۔
یہ سب کچھ جاننے کے باوجود بھی میں ایک پچھتاوے کی زندگی کیوں گزارتا ہوں؟ کیوں میرے پاس سمے نہیں ہے اچھے مواقع کو یاد کرنے کا ؟
اپنی ان کامیابیوں پر خوش ہونے کا جن کے بارے میں جان کر لوگ مجھ سے متاثر ہوتے ہیں لیکن میں ان چیزوں کو حاصل کرنے کی تمنا کرتا ہوں جو ان لوگوں کے پاس ہیں اور فی الحال، میں ان سے محروم ہوں۔

تمام دھرم گرو غلط تھے جو یہ بات کہا کرتے تھے کہ قناعت سے زندگی اچھی بسر ہوتی ہے مگر کبھی کسی مکھیا، کسی پروہت، کسی پجاری، کسی پنڈت، کسی عالم، کسی مفتی نے یہ نہیں بتایا کہ قناعت سے پیٹ کیسے بھرا جا سکتا ہے؟
کس طرح شکر سے بچوں کے سکول کی بھاری فیسیں دی جا سکتی ہیں ؟اور کیونکر صبر و استقامت سے بجلی گیس اور پیٹرول کے بل چکائے جا سکتے ہیں؟
اب میرے پاس اتنا وقت نہیں ہے کہ میں ان مذاہب کے جعلی حکمرانوں کے پردے چاک کروں کیونکہ اس وقت میں کسی اور سوچ میں غلطاں ہوں لیکن میں ان مذہبی اور دینی ناجائز عالموں کے حوالے سے آپ کو آگاہ کروں گا جب میرے پاس تھوڑا سا وقت ہوگا۔
آپ لوگ میرے لیے دعا کرنا کہ مجھے کچھ وقت ملے تو میں کوئی اچھا کام کر سکوں۔

ہاں ایک وقت آئے گا جب میرے پاس وقت ہی وقت ہوگا،
جب چند گز زمین مجھے جگہ دے دے گی اور منوں مٹی مجھے ڈھانپ لے گی، تب وقت ہی وقت ہوگا میرے پاس
اور جب خزاں کی سوکھے پتے، ہوا کے بہاؤ سے، میری قبر پر بکھرا کریں گے
اور کبھی کسی تازہ قبر کے مکین کے لواحقین، میری مرقد پر بھی، بچے ہوئے پھولوں کی پتیوں کا چھڑکاؤ کر جایا کریں گے ،
تب ہر چیز کے لیے وقت ہی وقت ہوگا میرے پاس

مزید خبریں