اتوار,  22 نومبر 2026ء
تونسہ شریف: ٹریفک حادثے میں تین سگے بھائی جاں بحق، غمزدہ والد نے ٹرالر ڈرائیور کو معاف کر دیا

تونسہ شریف(روشن پاکستان نیوز)  انڈس ہائی وے پر ٹریفک کے المناک حادثے میں تین سگے بھائیوں کی ہلاکت کے بعد غمزدہ والد نے بڑا ظرف دکھاتے ہوئے ٹرالر ڈرائیور کو اللہ کی رضا کے لیے معاف کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق اڈا کریم والا کے قریب میانوالی پمپ کے سامنے تینوں بھائی موٹر سائیکل پر سوار ہو کر برہان فلور مل سے مزدوری کے بعد اپنے گھر زندہ پیر جا رہے تھے کہ مبینہ طور پر موٹر سائیکل ایک ریڑھی سے ٹکرا گئی۔ اسی دوران پیچھے سے آنے والے تیز رفتار ٹرالر کی زد میں آکر تینوں بھائی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔

جاں بحق ہونے والوں میں 19 سالہ محمد علی، 15 سالہ محمد رمضان اور 12 سالہ محمد عمر شامل ہیں، جو غلام فرید کے بیٹے تھے۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور لاشوں کو تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال تونسہ منتقل کر دیا۔ ریسکیو اہلکاروں نے متوفی بچوں کی جیبوں سے ملنے والا سامان، جن میں دو موبائل فون بھی شامل تھے، ان کے والد کے حوالے کر دیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا عورتوں اور بچوں سے زیادتی پرکارروائی کیلئے اینٹی ریپ ایکٹ لانےکا حکم

اس موقع پر غمزدہ والد غلام فرید نے کہا کہ ہم نے اللہ کے واسطے معاف کر دیا، یہ جھگڑے کا وقت نہیں، سب ہمارے لیے صبر جمیل کی دعا کریں۔ تین بھائیوں کی ایک ساتھ وفات پر زندہ پیر سمیت پورا علاقہ سوگوار ہوگیا۔ نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد تینوں بھائیوں کو آبائی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

اللہ تعالیٰ مرحومین کی مغفرت فرمائے اور سوگوار خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین۔

مزید خبریں