ایڈمنٹن (روشن پاکستان نیوز) عالمی حلقۂ فکروفن نے اپنی ادبی، علمی اور فکری سرگرمیوں کے دائرۂ کار کو وسعت دیتے ہوئے کینیڈا میں اپنی تنظیمی شاخ کے قیام کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے، جس کا مرکزی صدر مقام کینیڈا کے شہر ایڈمنٹن میں ہوگا۔
تنظیم کی سرپرستی نامور شاعر و ادیب اشفاق حسین کے سپرد کی گئی ہے جبکہ معروف شاعرہ و ادیبہ ڈاکٹر حنا امبرین طارق چیئرپرسن کی حیثیت سے ذمہ داریاں انجام دیں گی۔ اسی طرح ممتاز ادبی و علمی شخصیت ڈاکٹر طارق عزیز کو صدر عالمی حلقۂ فکر و فن کینیڈا مقرر کیا گیا ہے۔
اس موقع پر عالمی حلقۂ فکر و فن سعودی عرب کی مرکزی قیادت نے کینیڈا کی نو تشکیل شدہ تنظیم اور نومنتخب عہدیداران کو دلی مبارک باد پیش کرتے ہوئے اس پیش رفت کو اردو زبان و ادب کے عالمی فروغ کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔
پاکستان سے عالمی حلقہء فکروفن کے ناظمِ اعلیٰ جاوید اختر جاوید، سعودی عرب سے مرکزی صدر وقار نسیم وامق، صدر جدہ ریجن آفتاب ترابی، وائس چیئرمین عدنان اقبال بٹ، سینئر نائب صدر قاضی محمد اسحاق میمن، ڈپٹی جنرل سیکرٹری کامران حسانی، سیکرٹری ایڈمن طلحہ ظہیر، عالمی حلقہء فکروفن امریکہ کے پیٹرن انچیف نازش ریاض چوہدری نے اپنے تہنیتی پیغامات میں نو منتخب قیادت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ کینیڈا کی نئی تنظیم علمی، ادبی اور ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کرے گی۔
دریں اثنا دنیا بھر کے ادبی حلقوں اور ممتاز علمی و ادبی شخصیات کی جانب سے بھی عالمی حلقۂ فکر و فن کینیڈا کے قیام کا خیرمقدم کیا گیا ہے اور اس پیش رفت پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے نئی قیادت کے لیے کامیابی کی دعائیں اور نیک خواہشات پیش کی گئی ہیں۔
ادبی حلقوں کے مطابق عالمی حلقۂ فکر و فن کینیڈا کا قیام اردو زبان و ادب کے فروغ، اہلِ قلم کے درمیان روابط کے استحکام، تخلیقی مکالمے اور بین الاقوامی ادبی ہم آہنگی کے لیے ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔











