اسلام آباد ( راجہ اسرار حسین ) وفاقی دارالحکومت میں حرام اور مضر صحت گوشت کے کاروبار کا ایک ہولناک انکشاف سامنے آ گیا ہے۔ تھانہ گولڑہ کی حدود سیکٹر ڈی 14 میں اسلام آباد فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے ایک غیر قانونی مذبح خانے پر چھاپہ مار کر گدھوں، کتوں، گیدڑوں، کچھوؤں اور نایاب جانور پینگولین کا بھاری مقدار میں گوشت برآمد کر لیا ہے۔ کارروائی کے دوران موقع سے ایک غیر ملکی باشندے کو گرفتار کر کے جائے وقوعہ کو سیل کر دیا گیا ہے۔
یہ کارروائی 16 نومبر 2026 کو رات 09:30 بجے کی گئی، جس کے بعد تھانہ گولڑہ میں اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری فوڈ سیفٹی ایکٹ 2021 کے تحت باقاعدہ مقدمہ درج کر لیا گیا۔
چھاپہ کیسے مارا گیا؟
ذرائع کے مطابق اسلام آباد فوڈ اتھارٹی کو ڈی 14 میں ایک مکان میں غیر قانونی مذبح خانہ چلنے کی خفیہ اطلاع ملی تھی۔ اطلاع پر فوڈ اتھارٹی کی خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی، جس میں ڈاکٹر شہزاد راشد (ویٹرنری اسپیشلسٹ)، ڈیری اسپیشلسٹ اور لیب اسسٹنٹ شامل تھے۔
ٹیم نے رات گئے مذبح خانے پر چھاپہ مارا تو وہاں کے مناظر نے افسران کو بھی حیران کر دیا۔ موقع پر حرام جانوروں کو ذبح کیا جا رہا تھا، ان کا گوشت تیار کیا جا رہا تھا اور اسے ڈرموں میں محفوظ کرنے کی تیاری کی جا رہی تھی۔
موقع سے کیا برآمد ہوا؟
فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے موقع سے حرام جانوروں کو زندہ اور مردہ دونوں حالتوں میں تحویل میں لے لیا۔
برآمد ہونے والے جانور:
– گدھے
– کتے
– گیدڑ
– کچھوے
– پینگولین — جو پاکستان میں نایاب اور محفوظ شدہ جنگلی جانوروں میں شمار ہوتا ہے
دیگر برآمدگی:
– تقریباً 800 کلو حرام گوشت،12 زندہ گدھے،ایک عدد زندہ گدھا،5 زندہ کتے،17 زندہ کچھوے،4 عدد مردہ کچھوے،ایک عدد زندہ گیدڑ اور ایک عدد زندہ پینگولین برآمد
ایف آئی آر کے مطابق برآمد شدہ گوشت کو انسانی صحت کے لیے مضر اور فوڈ سیفٹی ایکٹ کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا گیا۔
XUDACHAO غیر ملکی باشندہ گرفتار
کارروائی کے دوران موقع پر موجود ایک غیر ملکی XUDACHAO باشندے کو گرفتار کر لیا گیا، جو مبینہ طور پر اس غیر قانونی مذبح خانے کو چلا رہا تھا۔
پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار شخص سے تفتیش جاری ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ یہ گوشت کہاں سپلائی کیا جا رہا تھا، اس نیٹ ورک میں کون کون شامل ہے اور یہ کاروبار کب سے چل رہا تھا۔
جائے وقوعہ سیل، زندہ جانور وائلڈ لائف کے حوالے
فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے کارروائی کے فوراً بعد جائے وقوعہ کو سیل کر دیا ہے، تاکہ وہاں دوبارہ غیر قانونی سرگرمی نہ ہو سکے۔
برآمد ہونے والے زندہ جانوروں کو محکمہ وائلڈ لائف کے حوالے کر دیا گیا ہے، جہاں ان کی دیکھ بھال اور قانونی کارروائی کی جائے گی۔ جبکہ مردہ جانوروں اور گوشت کو بطور ثبوت محفوظ کر لیا گیا ہے اور ان کے نمونے لیبارٹری ٹیسٹ کے لیے بھجوائے جائیں گے۔
مقدمہ درج، تفتیش شروع
اس کارروائی پر تھانہ گولڑہ پولیس نے اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری فوڈ سیفٹی ایکٹ 2021 کی دفعات 11، 12، 13 اور 14 کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ مقدمے کی تفتیش اے ایس آئی محمد خان کر رہے ہیں۔
ایف آئی آر میں مدعی اسلام آباد فوڈ اتھارٹی کے ڈاکٹر شہزاد راشد ہیں۔
یہ کارروائی کیوں اہم ہے؟
ماہرین صحت کے مطابق گدھے، کتے اور گیدڑ جیسے جانوروں کا گوشت انسانی صحت کے لیے انتہائی خطرناک ہے۔ اس سے ریبیز، ہیپاٹائٹس، معدے اور آنتوں کی سنگین بیماریاں اور دیگر مہلک انفیکشن پھیل سکتے ہیں۔
دوسری جانب پینگولین اور کچھوے جیسے جانور وائلڈ لائف قوانین کے تحت محفوظ شدہ ہیں۔ ان کا شکار، ذبح اور گوشت کی فروخت نہ صرف فوڈ سیفٹی ایکٹ بلکہ وائلڈ لائف ایکٹ کی بھی سنگین خلاف ورزی ہے۔
شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ یہ انکشاف اس بات کا ثبوت ہے کہ شہر میں حرام گوشت کا کاروبار منظم انداز میں جاری تھا، جو ہوٹلوں، دکانوں یا دیگر ذرائع سے شہریوں تک پہنچ سکتا تھا۔
حکام کا موقف
اسلام آباد فوڈ اتھارٹی حکام کا کہنا ہے کہ شہر میں حرام اور مضر صحت گوشت کی تیاری و فروخت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان کا کہنا ہے کہ اس طرح کے مذبح خانوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔
تھانہ گولڑہ پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمے کی تفتیش میرٹ پر کی جا رہی ہے اور لیبارٹری رپورٹ آنے کے بعد ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق مزید سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
شہریوں سے اپیل: حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ گوشت صرف مستند اور رجسٹرڈ دکانوں سے خریدیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر اسلام آباد فوڈ اتھارٹی یا قریبی پولیس اسٹیشن کو دیں۔











