جمعرات,  12 نومبر 2026ء
اسلام آباد میں الجزائر کے قومی دن کی 72ویں سالگرہ کی پروقار تقریب، پاکستان سے تاریخی دوستی اور اقتصادی تعاون کے فروغ پر زور

(خصوصی رپورٹ: حسنین علی راجہ)

اسلام آباد میں الجزائر کے قومی دن کی 72ویں سالگرہ کے موقع پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، الجزائر کے سفیر ڈاکٹر ابراہیم رمانی، غیر ملکی سفیروں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے شرکت کی۔

الجزائر کے سفیر ڈاکٹر ابراہیم رمانی نے تقریب میں شریک مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر قومی دن کی خوشی میں کیک بھی کاٹا گیا اور پاکستان و الجزائر کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے الجزائر کی حکومت اور عوام کو قومی دن کی 72ویں سالگرہ پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور الجزائر کے تعلقات باہمی احترام، دوستی اور مشترکہ اقدار پر استوار ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات مستقبل میں مزید مستحکم ہوں گے۔

الجزائر کے سفیر ڈاکٹر ابراہیم رمانی نے اپنے خطاب میں الجزائر کی تحریک آزادی کے دوران پاکستان کی تاریخی حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان ان ممالک میں شامل تھا جنہوں نے الجزائر کی آزادی کی جدوجہد میں بھرپور ساتھ دیا۔ انہوں نے اس سلسلے میں پاکستان کی حکومت اور عوام کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے پاکستانی کاروباری برادری کو الجزائر میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ توانائی، زراعت، صنعت، ادویہ سازی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیکسٹائل سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

الجزائر کے سفیر کا کہنا تھا کہ ان کا ملک غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے سازگار ماحول فراہم کر رہا ہے، جبکہ افریقہ میں تجارتی روابط کو وسعت دینے اور علاقائی ترقی کے لیے بڑے بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں پر بھی کام جاری ہے۔

ڈاکٹر ابراہیم رمانی نے فلسطین اور مغربی صحارا کے عوام کے جائز حقوق کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے عالمی امن، سلامتی اور ترقی پذیر ممالک کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

تقریب کے اختتام پر پاکستان اور الجزائر کے درمیان تاریخی دوستی، اقتصادی و تجارتی شراکت داری اور سفارتی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

مزید خبریں