جمعرات,  12 نومبر 2026ء
ڈیبیو میچ میں 7 وکٹیں لینے والے ثاقب خان، کراچی کی گلیوں سے راولپنڈی اسٹیڈیم تک کیسے پہنچے؟

راولپنڈی(روشن پاکستان نیوز) پاکستان ٹیم کے فاسٹ بولر ثاقب خان ٹیسٹ ڈیبیو میچ میں سات وکٹیں لینے والے پاکستان کے دوسرے فاسٹ بولر بن گئے ہیں۔

راولپنڈی میں جاری ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز ثاقب خان نے سری لنکا کے خلاف پہلی اننگز میں 130 رنز کے عوض 7 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اس سے قبل زاہد خان ٹیسٹ ڈیبیو پر 7 وکٹیں لینے والے پہلے پاکستانی فاسٹ بولر تھے۔

31 سالہ ثاقب خان کی 7 وکٹوں کی بدولت راولپنڈی ٹیسٹ میں پاکستان کی واپسی ہوئی ہے۔ کیوں کہ کھیل کے تیسرے روز کے اختتام پر لنکن ٹیم چار وکٹوں پر 404 رنز بنا چکی تھی اور بظاہر لگتا تھا کہ مہمان ٹیم اسکور بورڈ پر ایک بڑا ٹوٹل لگائے گی۔

جمعرات کو کھیل کا چوتھا روز شروع ہوا تو ثاقب خان کی عمدہ بولنگ کی بدولت سری لنکن ٹیم 6 وکٹیں گنوا کر اپنے مجموعی اسکور میں صرف 42 رنز کا اضافہ کر سکی۔

سری لنکا کے خلاف ان کی بولنگ کا سب سے نمایاں پہلو درست لائن اور لینتھ تھی۔ انہوں نے بلے بازوں کو آف اسٹمپ کے باہر کھیلنے پر مجبور کیا اور وکٹ کے پیچھے وکٹیں حاصل کیں۔

انہوں نے مسلسل گڈ لینتھ پر گیندیں کرائیں اور بلے بازوں کی غلطی کا انتظار کیا۔ ڈی سلوا اور مینڈس جیسے کھلاڑی بھی ثاقب خان کی اسی حکمتِ عملی کے نتیجے میں پویلین لوٹے۔

ثاقب خان حال ہی میں قائدِ اعظم ٹرافی کے نو میچز میں 47 وکٹیں لے کر سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے بولر قرار پائے تھے۔ اسی پرفارمنس کی بدولت پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے 7 نومبر کو سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے ثاقب خان کو قومی اسکواڈ میں شامل کیا تھا۔

نو نومبر کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں انہوں نے سری لنکا کے خلاف اپنے ٹیسٹ کریئر کا آغاز کیا۔ اس سے قبل وہ پاکستان سپر لیگ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور ڈومیسٹک میں کراچی ریجن بلیو کی نمائندگی کر چکے ہیں۔

آسٹریلوی آل راؤنڈرگلین میکسویل کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

ثاقب خان نے اپنے ایک انٹرویو میں انگلینڈ کے عظیم فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن اور جنوبی افریقہ کے لیجنڈری فاسٹ بولر ڈیل اسٹین کو اپنے پسندیدہ فاسٹ بولر قرار دیا تھا۔

یہ دونوں بولرز اپنی سوئنگ، سیم موومنٹ، لائن اور لینتھ کے لیے مشہور رہے ہیں۔ ثاقب کی بولنگ میں بھی ان خصوصیات سے متاثر ہونے کے آثار نظر آتے ہیں۔

اگرچہ ثاقب خان بنیادی طور پر فاسٹ بولر ہیں لیکن وہ نچلے نمبروں پر بیٹنگ کرنے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔ ڈومیسٹک کرکٹ میں انہوں نے بعض مواقع پر اپنی ٹیم کے لیے قیمتی رنز بنائے ہیں۔ ان کے فرسٹ کلاس کریئر میں نصف سنچری بھی شامل ہے۔

ثاقب خان کا تعلق سوات کے علاقے مینگورہ سے ہے لیکن ان کا کرکٹ سفر کراچی کی گلی محلے کی ٹیپ بال کرکٹ سے شروع ہوا۔ انہوں نے ابتدائی طور پر ٹیپ بال کرکٹ کے دوران اپنی تیز گیند بازی کی وجہ سے نام بنایا۔

ان کے کرکٹ سفر میں ایک اہم مرحلہ کراچی کی فیوچر اسٹارز کرکٹ اکیڈمی میں شمولیت تھا، جہاں انہوں نے کوچ لیاقت کی نگرانی میں باقاعدہ کرکٹ کی تربیت حاصل کی۔

ثاقب کے مطابق ہارڈ بال کرکٹ میں آنے کے بعد انہیں کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ کراچی جیسے بڑے کرکٹ مرکز میں اپنی جگہ بنانا آسان نہیں تھا، کیوں کہ وہاں پہلے ہی سہیل خان، تابش خان اور میر حمزہ جیسے تجربہ کار فاسٹ بولرز موجود تھے۔ تاہم انہوں نے ہمت نہیں ہاری اور کئی سال کی محنت کے بعد فرسٹ کلاس کرکٹ میں اپنی جگہ بنائی اور پھر قومی ٹیم میں کامیاب ٹیسٹ ڈیبیو کی صورت میں یہ سفر مزید آگے بڑھا۔

مزید خبریں