واشنگٹن(روشن پاکستان نیوز) امریکا میں زیر حراست وینزویلا کے سابق صدر نکولس مادورو جیل میں قرآن مجید اور انجیل کا مطالعہ کررہے ہیں جبکہ انہوں نے پادری اور ربی سے بھی ملاقاتیں کی ہیں۔
امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق بروکلن کی ایک جیل میں قید نکولس مادورو نے خود ایک روحانی سفر کا آغاز کر دیا ہے اور جیل میں ان کے حالات سے واقف متعدد افراد نے بتایا کہ وہ اپنا زیادہ تر وقت قرآن مجید اور انجیل سمیت دیگر مذہبی کتابوں کے مطالعے میں گزارتے ہیں۔
روحانیت میں طویل عرصے سے دلچسپی رکھنے والے مادورو نے جیل کے مذہبی رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کی ہیں، جن میں ایک عیسائی پادری اور ایک یہودی ربی شامل ہیں۔
امریکہ ایران سے آخر کیا چاہتا ہے؟ مارکو روبیو نے واضح کر دیا
مادورو ماضی میں عوامی سطح پر یہ دعویٰ کر چکے ہیں کہ ان کے اجداد یہودی تھے۔ انہوں نے خود کو ایک سفاردی یہودی کمیونٹی کی نسل قرار دیا تھا جو پچھلی صدی میں ڈچ اینٹیلیز سے ہجرت کر کے وینزویلا منتقل ہوئی تھی تاہم مادورو کے قریبی افراد کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنی گرفتاری سے قبل کبھی یہودیت میں اتنی دلچسپی ظاہر نہیں کی تھی۔
سیاسی میدان میں انہوں نے وینزویلا میں تیزی سے بڑھتی ہوئی ایوینجلیکل عیسائی کمیونٹی کے ووٹ بھی حاصل کیے تھے۔ ایک عملی کیتھولک کے طور پر انہوں نے ایک ایسے پادری کے ساتھ قریبی تعلقات استوار کیے جو ان کے سوشلسٹ نظریات کا حامی تھا۔
مادورو، ان کی اہلیہ سیلیا فلوریس اور ان کی جانشین ڈیلیسی روڈریگیز بھارتی صوفی گرو ستیہ سائی بابا کے پیروکار بھی رہے ہیں۔
خیال رہے کہ 63 سالہ مادورو پر آئندہ سال ہزاروں ٹن کوکین امریکا اسمگل کرنے میں سہولت کاری فراہم کرنے سمیت دیگر سنگین الزامات کے تحت مقدمہ چلایا جائے گا۔ ان کی 70 سالہ اہلیہ سیلیا فلوریس کو بھی اسی فردِ جرم میں ملزم نامزد کیا گیا ہے۔











