منگل,  27 اکتوبر 2026ء
حافظ آباد میں کشمیری مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے یوم سیاہ منایا گیا

حافظ آباد (شوکت علی وٹو) کشمیری مسلمانوں پر بھارتی مظالم کے خلاف حافظ آباد میں بھی یوم سیاہ منایا گیا۔ اس سلسلے میں مرکزی تقریب ڈسٹرکٹ کمپلیکس میں منعقد ہوئی، جہاں ڈپٹی کمشنر سید حسین بہادر اور ڈی پی او فواد احمد نے پرچم کشائی کی۔ پولیس اور ریسکیو 1122 کے دستوں نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔

تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو تنویر یاسین، اے ڈی سی جی فضہ ارشد، اسسٹنٹ کمشنر نرجس خاتون جعفری، سی ای او ایجوکیشن محمد اکرم اشرف، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 حافظ عبدالرشید، ضلعی محکموں کے افسران و ملازمین اور معززین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سید حسین بہادر نے کہا کہ پاکستان حق خودارادیت اور آزادی کی جدوجہد میں اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی آزادی تک پاکستان ان کے ساتھ کھڑا رہے گا اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں مسلمانوں کی شناخت کو نشانہ بنانے کی کوششیں کسی صورت قابل قبول نہیں۔

پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج یوم سیاہ منا رہے ہیں

ڈپٹی کمشنر نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کا نوٹس لے اور اپنی منظور شدہ قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو حق خودارادیت دلانے کے لیے کردار ادا کرے۔

تقریب کے بعد ڈپٹی کمشنر کی قیادت میں ڈسٹرکٹ کمپلیکس سے ریلی نکالی گئی۔ شرکاء نے پاکستان اور کشمیر کے پرچم اور بینرز اٹھا رکھے تھے، جن پر بھارتی مظالم کے خلاف اور کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے نعرے درج تھے۔

مزید خبریں