راولپنڈی(کرائم رپورٹر) راولپنڈی پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران قتل، منشیات، شراب اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے مقدمات میں متعدد ملزمان کو گرفتار کرکے منشیات اور اسلحہ برآمد کرلیا۔
نصیر آباد پولیس نے 6 روز قبل کچے راستے سے بوری بند لاش ملنے کے واقعے کی تفتیش میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے اندھے قتل کا سراغ لگا لیا اور 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان مقتول کامران کے دوست ہیں، جنہوں نے مبینہ طور پر ذاتی رنجش اور لالچ کی وجہ سے اسے قتل کیا۔ ملزمان نے مقتول کو گھر بلا کر اس کے ہاتھ پاؤں باندھے اور پھندہ دے کر قتل کرنے کے بعد لاش بوری میں ڈال کر کچے راستے پر پھینک دی تھی۔ پولیس نے جدید تفتیشی طریقوں کے ذریعے ملزمان کو گرفتار کیا، جنہوں نے دوران تفتیش واردات کا انکشاف کیا۔ ایس پی پوٹھوہار چوہدری اثر علی کے مطابق ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ عدالت میں چالان کیا جائے گا۔
دوسری جانب سی پی او حسن مشتاق سکھیرا کی ہدایات پر منشیات کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران 6 منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے 11 کلوگرام سے زائد چرس برآمد کرلی گئی۔ جاتلی پولیس نے ایک بڑے منشیات فروش سے 3 کلو 600 گرام، دھمیال پولیس نے 1 کلو 800 گرام، آر اے بازار پولیس نے 1 کلو 800 گرام، چکلالہ پولیس نے 1 کلو 500 گرام، ویسٹریج پولیس نے 1 کلو 450 گرام جبکہ بنی پولیس نے 1 کلو 320 گرام چرس برآمد کی۔ گرفتار ملزمان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کرلیے گئے۔
اے این ایف کا مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن، 9 ملزمان گرفتار
آر اے بازار پولیس نے غفلت اور لاپرواہی سے گاڑی چلاتے ہوئے ایک شہری کو کچلنے کے بعد فرار ہونے والے ڈرائیور کو بھی گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق متاثرہ شہری دوران علاج دم توڑ گیا تھا جبکہ حادثے کے بعد کار سوار ڈرائیور گاڑی سمیت موقع سے فرار ہوگیا تھا۔ پولیس نے تکنیکی اور انسانی ذرائع کی مدد سے ملزم کو گرفتار کرکے زیر استعمال گاڑی برآمد کرلی۔ ایس پی پوٹھوہار کے مطابق ملزم کو ٹھوس شواہد کے ساتھ عدالت میں چالان کیا جائے گا۔
راولپنڈی پولیس نے شراب کے خلاف کارروائیوں میں 4 افراد کو گرفتار کرکے 24 بوتل اور 23 لیٹر شراب برآمد کرلی۔ گوجر خان پولیس نے ایک ملزم سے 24 بوتل، بنی پولیس نے 10 لیٹر، صادق آباد پولیس نے 8 لیٹر جبکہ واہ کینٹ پولیس نے 5 لیٹر شراب برآمد کی۔ گرفتار افراد کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کرلیے گئے۔
اسی طرح پیرودہائی، مندرہ اور جاتلی کے علاقوں میں غیر قانونی اسلحہ رکھنے والے افراد کے خلاف کارروائیوں کے دوران 3 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ اور ایمونیشن برآمد کیا گیا۔ ڈویژنل ایس پیز نے کہا کہ منشیات اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
ادھر سی پی او حسن مشتاق سکھیرا اور ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے ٹیکسلا کا دورہ کیا اور شہر کے داخلی راستوں پر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ افسران نے متعلقہ حکام کو شہریوں کی حفاظت اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے فول پروف انتظامات یقینی بنانے کی ہدایات دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قانون کی بالادستی اور شہریوں کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔











