جمعه,  21  اگست 2026ء
راولپنڈی: عید میلاد النبیﷺ کے جلوسوں کی سیکیورٹی، ڈاکو ہلاک، 18 جواری گرفتار، منشیات و اسلحہ برآمد

راولپنڈی(روشن پاکستان نیوز) راولپنڈی پولیس کی جانب سے عید میلاد النبیؐ کے موقع پر فول پروف سیکیورٹی اور ٹریفک انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں، جبکہ شہر میں جرائم پیشہ عناصر، منشیات فروشوں اور قمار بازی میں ملوث افراد کے خلاف بھی کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔

سی پی او راولپنڈی حسن مشتاق سکھیرا نے عید میلاد النبیؐ کے حوالے سے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور جلوس کے روٹس کا معائنہ کرتے ہوئے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ایس ایس پی آپریشنز اور دیگر سینئر افسران کو بہترین سیکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایات دیں۔ سی پی او نے امن کمیٹی کے عہدیداران سے بھی ملاقات کی اور سیکیورٹی و ٹریفک انتظامات پر تبادلہ خیال کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل رابطے کے ذریعے جلوسوں کے لیے فول پروف سیکیورٹی اور بہترین ٹریفک انتظامات یقینی بنائے جائیں گے۔

دوسری جانب تھانہ وارث خان کے علاقے میں پولیس ریڈنگ پارٹی پر ڈاکوؤں کی فائرنگ کے دوران انتہائی مطلوب ڈاکو ہلاک جبکہ اس کا ساتھی فرار ہوگیا۔ پولیس کے مطابق ہلاک ڈاکو کی شناخت ریاست عرف کاکا کے نام سے ہوئی ہے، جو قتل، ڈکیتی اور گاڑیوں کی چوری سمیت متعدد مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے چند روز قبل دوران ڈکیتی فائرنگ کرکے ایک شہری کو زخمی بھی کیا تھا۔ فرار ملزم کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

چکلالہ پولیس نے تاش اور لڈو دانہ پر جوا کھیلنے والے 18 افراد کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے داؤ پر لگی 9 لاکھ 63 ہزار روپے کی رقم، 21 موبائل فون، تاش کے پتے اور ڈولی دانے برآمد ہوئے۔ ایس پی پوٹھوہار چوہدری اثر علی نے کہا کہ قمار بازی معاشرتی برائیوں کی جڑ ہے اور اس کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

راولپنڈی پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں فرینڈز آف پولیس انٹرن شپ پروگرام کے 49ویں بیچ کا بھی اختتام ہوگیا۔ دو ہفتے جاری رہنے والے پروگرام میں مختلف تعلیمی اداروں کے طلباء و طالبات نے شرکت کی۔ سینئر پولیس افسران نے شرکاء کو پولیس ورکنگ، تھانہ کلچر، پولیس خدمت مراکز، فرنٹ ڈیسک، پولیس ایپس، ٹریفک پولیس اور قانونی و عدالتی کارروائیوں سے آگاہ کیا۔ طلباء کو کمانڈ اینڈ کنٹرول روم، ٹریفک ہیڈکوارٹرز، پولیس خدمت مرکز لیاقت باغ اور دیگر شعبوں کا دورہ بھی کرایا گیا۔ تقریب کے اختتام پر ڈی ایس پی سیکیورٹی خالد محمود نے طلباء میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے۔

پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں پولیس افسران و اہلکاروں کے رویوں میں مثبت تبدیلی اور شہریوں کو بہتر سروسز کی فراہمی کے لیے خصوصی تربیتی ورکشاپ بھی منعقد کی گئی۔ ڈی ایس پی لیگل راشد بلال سمیت دیگر افسران نے پولیس اہلکاروں کو اخلاقی تربیت، شہریوں سے خوش اخلاقی اور پیشہ ورانہ رویے کے حوالے سے لیکچرز دیے۔ ورکشاپ میں ایلیٹ فورس، ٹریفک پولیس، ڈولفن فورس، پنجاب ہائی وے پٹرول اور لیڈیز پولیس کے اہلکاروں نے شرکت کی۔ افسران کو خواتین، بزرگوں اور بچوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔

ادھر ایس پی پوٹھوہار چوہدری اثر علی نے پوٹھوہار آفس میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے زیر تفتیش مقدمات کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے سنگین مقدمات کی روزانہ بنیادوں پر مانیٹرنگ، زیر تفتیش مقدمات کو میرٹ پر یکسو کرنے، چالان پینڈنسی ختم کرنے اور اشتہاری مجرمان و ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایات دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کے مسائل کا ترجیحی بنیادوں پر حل اور انہیں انصاف کی فراہمی پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔

راولپنڈی پولیس نے مختلف علاقوں میں منشیات اور ناجائز اسلحے کے خلاف کارروائیوں کے دوران 8 افراد کو گرفتار کرکے ایک کلو 600 گرام چرس، 10 لیٹر شراب اور اسلحہ و ایمونیشن برآمد کرلیا۔ پولیس کے مطابق کارروائیاں تھانہ بنی، نصیرآباد، واہ کینٹ، صدر واہ، دھمیال اور جاتلی کے علاقوں میں کی گئیں۔

راولپنڈی پولیس ترجمان کے مطابق جرائم پیشہ عناصر، منشیات فروشوں، ناجائز اسلحہ رکھنے والوں اور قمار بازی میں ملوث افراد کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔

مزید خبریں