جمعرات,  20  اگست 2026ء
نوجوانوں اور پارلیمنٹیرینز کا تمباکو کنٹرول کے لیے مؤثر اقدامات کا مطالبہ

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) اسلام آباد میں یوتھ مینٹورز اور پارلیمنٹیرینز کے لیے “Youth for a Tobacco-Free Pakistan: From Awareness to Action” کے عنوان سے خصوصی Orientation Session منعقد ہوا، جس میں نوجوانوں کو تمباکو اور نئی نکوٹین مصنوعات کے مضر اثرات سے محفوظ رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں پارلیمنٹیرینز، ماہرینِ صحت، ٹوبیکو کنٹرول سیل، یوتھ مینٹورز، سول سوسائٹی اور عورت فاؤنڈیشن کے نمائندگان نے شرکت کی۔ شرکاء نے زور دیا کہ تمباکو کنٹرول کو عوامی صحت کی ترجیح بنایا جائے اور محض آگاہی کے بجائے مؤثر قانون سازی اور پالیسی اقدامات کیے جائیں۔

شرکاء نے تمباکو مصنوعات کی پیکجنگ پر گرافک ہیلتھ وارننگز کو موجودہ 60 فیصد سے بڑھا کر 75 فیصد کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس کے علاوہ تمباکو مصنوعات پر ٹیکس میں مسلسل اور مؤثر اضافے کو بھی نوجوانوں میں تمباکو کے استعمال کی حوصلہ شکنی کے لیے اہم قرار دیا گیا۔

پارلیمنٹیرینز نے نوجوانوں کو تمباکو کنٹرول کے لیے تبدیلی کے سفیر بنانے اور انہیں پالیسی سازی و قانون سازی کے عمل میں شامل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ حکومت، پارلیمان، ماہرینِ صحت، سول سوسائٹی اور نوجوان مل کر تمباکو سے پاک پاکستان کے لیے مؤثر اور مسلسل اقدامات کریں گے۔

مزید خبریں