منگل,  21 جولائی 2026ء
چوروں کی شناخت کے لیے برطانیہ کی سپر مارکیٹوں میں فیشل ریکگنیشن سسٹم متعارف

لندن(روشن پاکستان نیوز)  برطانیہ کی بڑی سپر مارکیٹوں نے بار بار چوری کرنے والے اور پرتشدد رویہ اختیار کرنے والے افراد کی روک تھام کے لیے جدید چہرہ شناس کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

نئے نظام کے تحت سپر مارکیٹیں اپنی الگ واچ لسٹ تیار کریں گی، جس میں ایسے افراد کے چہرے شامل ہوں گے جو ماضی میں متعدد بار چوری، عملے کو دھمکانے یا دیگر جرائم میں ملوث رہے ہوں۔ واچ لسٹ میں شامل کوئی شخص جیسے ہی اسٹور میں داخل ہوگا، سیکیورٹی عملے کو فوری الرٹ موصول ہوگا، جس کے بعد صورتحال کے مطابق اسے اسٹور میں داخل ہونے سے روکا جا سکے گا یا پولیس کو اطلاع دی جا سکے گی۔

یہ ٹیکنالوجی نیوزی لینڈ کی کمپنی Auror فراہم کر رہی ہے، جبکہ برطانیہ کی کئی معروف ریٹیل چینز اس نظام کو مرحلہ وار متعارف کرا رہی ہیں۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد صرف جرائم کی روک تھام، ملازمین اور خریداروں کے تحفظ کو یقینی بنانا اور ریٹیل سیکٹر کو ہونے والے مالی نقصانات میں کمی لانا ہے۔

اینڈی برنہم نے برطانیہ کی وزارتِ عظمیٰ سنبھال لی، 10 سالہ اصلاحاتی منصوبے کا اعلان

برطانیہ میں گزشتہ چند برسوں کے دوران دکانوں میں چوری اور ریٹیل ورکرز پر حملوں کے واقعات میں اضافے کے بعد سپر مارکیٹوں نے سیکیورٹی کے جدید طریقوں کو اپنانا شروع کیا ہے۔ ریٹیل انڈسٹری کا مؤقف ہے کہ منظم چوری اور تشدد کے بڑھتے ہوئے واقعات کاروبار اور عملے دونوں کے لیے سنگین چیلنج بن چکے ہیں۔

دوسری جانب شہری آزادیوں اور ڈیجیٹل حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیموں نے اس منصوبے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ چہرہ شناس کیمروں کا استعمال شہریوں کی رازداری، ذاتی معلومات کے تحفظ اور بنیادی حقوق کے حوالے سے سنگین سوالات کو جنم دے سکتا ہے۔ ناقدین کا مطالبہ ہے کہ اس ٹیکنالوجی کے استعمال کے لیے واضح قوانین، آزاد نگرانی اور شفاف ضوابط متعارف کرائے جائیں تاکہ شہریوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

مزید خبریں