اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس نے آزادیٔ صحافت، ذرائع ابلاغ کی خودمختاری اور ملک میں انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ اور سیکرٹری جنرل ارشد انصاری نے پانچ جولائی انیس سو ستتر کے یومِ سیاہ کی مناسبت سے جاری مشترکہ بیان میں کہا کہ اس روز جنرل ضیاء الحق نے عوامی اور جمہوری طور پر منتخب پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت کا تختہ الٹ کر ملک میں آمریت نافذ کی، جس کے بعد ملک میں بدترین سنسر شپ کا دور شروع ہوا۔
انہوں نے کہا کہ صحافت کی آزادی اور صحافیوں کی خودمختاری ہی ملک میں بہتر حکمرانی، شفافیت اور جمہوری اقدار کے فروغ کی ضمانت ہیں۔ پی ایف یو جے کی قیادت نے آزاد ذرائع ابلاغ کے حصول کے لیے جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
میڈیا ورکرز کی برطرفیوں پر پی ایف یو جے کا شدید ردعمل، ملک گیر احتجاج کی دھمکی
بیان میں کہا گیا کہ پانچ جولائی انیس سو ستتر پاکستان کی تاریخ کا ایک سیاہ دن تھا، جس کے اثرات نے ملک کو درپیش پہلے سے موجود پیچیدہ مسائل کو مزید سنگین بنایا۔ اس دور میں اخبارات، رسائل اور ذرائع ابلاغ کے متعدد اداروں پر پابندیاں عائد کی گئیں، اختلافی آواز بلند کرنے والے صحافیوں کو گرفتار کیا گیا اور بعض کو فوجی عدالتوں کے ذریعے سزائیں دی گئیں۔
پی ایف یو جے کے مطابق آمریت کے دور میں صحافیوں کو سرعام کوڑوں کی سزائیں بھی دی گئیں، جنہیں پاکستانی صحافیوں نے آزادیٔ اظہار کے لیے اپنے جسموں پر برداشت کیا۔ یہ واقعات آج بھی صحافی برادری کے لیے جدوجہد اور قربانی کی علامت ہیں۔
پی ایف یو جے نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت، جمہوری روایات اور ادارے اسی صورت مضبوط ہو سکتے ہیں جب ملک میں آزاد اور خودمختار ذرائع ابلاغ، اظہارِ رائے کی آزادی اور اختلافی آوازوں کے احترام کو یقینی بنایا جائے۔











