لندن(روشن پاکستان نیوز) برطانیہ کے شہر بیڈفورڈ کے قریب دو مسافر ٹرینوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک جبکہ 89 افراد زخمی ہو گئے۔
برطانوی ٹرانسپورٹ پولیس کے مطابق جمعہ کی شام 5 بج کر 15 منٹ پر دو ایسٹ مڈلینڈز ریلوے (EMR) ٹرینوں کے درمیان حادثے کی اطلاع موصول ہوئی، جس کے بعد امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔
حکام نے بتایا کہ حادثے میں ہلاک ہونے والا شخص ایک ٹرین کا ڈرائیور تھا۔ نیشنل یونین آف ریل، میری ٹائم اینڈ ٹرانسپورٹ ورکرز (RMT) کے جنرل سیکریٹری ایڈی ڈیمپسی نے واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ہمدردیاں ڈرائیور کے اہلِ خانہ، دوستوں اور ساتھیوں کے ساتھ ہیں۔
مری میں افسوسناک حادثہ: سیاحوں کی وین میں آگ لگنے سے 6 افراد جاں بحق، 8 زخمی
ایسٹ آف انگلینڈ ایمبولینس سروس کے مطابق زخمی ہونے والے 89 افراد میں سے 11 کی حالت انتہائی تشویشناک ہے جبکہ 22 افراد کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔ مزید 56 افراد معمولی زخمی ہوئے جنہیں موقع پر طبی امداد فراہم کی گئی یا اسپتال منتقل کیا گیا۔
حکام نے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ تصادم کی وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔











