اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ صبح بیدار ہوتے ہی یعنی نہار منہ پانی پینا ایک سادہ مگر انتہائی مفید عادت ہے جو جسم کو دن بھر کے لیے متحرک اور توانا بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق رات بھر سونے کے دوران جسم کئی گھنٹے پانی کے بغیر رہتا ہے، جس کے باعث سانس لینے، پسینہ آنے اور دیگر جسمانی افعال کے نتیجے میں پانی کی معمولی کمی واقع ہوجاتی ہے۔ ایسے میں صبح اٹھتے ہی پانی پینا جسم کو دوبارہ ہائیڈریٹ کرنے اور تازگی بحال کرنے میں مدد دیتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ دن کا آغاز ایک یا دو گلاس پانی سے کرنے سے دماغی کارکردگی بہتر ہوتی ہے، توجہ میں اضافہ ہوتا ہے اور تھکن یا سستی کے احساس میں کمی آتی ہے۔
ماہر غذائیت کے مطابق صبح پانی پینے سے دماغ تک خون کی روانی بہتر ہوتی ہے جس سے ارتکاز اور ذہنی صلاحیتوں میں بہتری آ سکتی ہے۔
تحقیقی مطالعات سے یہ بھی ظاہر ہوا ہے کہ مناسب مقدار میں پانی پینے سے ہاضمہ بہتر رہتا ہے، صبح نہار منہ پانی، خصوصاً نیم گرم پانی، نظامِ ہاضمہ کو فعال بناتا ہے، خوراک کی بہتر ہضم میں مدد دیتا ہے اور قبض جیسے مسائل کے خطرے کو کم کرتا ہے۔
چائے ہڈیوں کی صحت کیلئے مفید ہوتی ہے یا نہیں؟
ماہرین کے مطابق پانی جسم سے فاضل اور نقصان دہ مادوں کے اخراج میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے، جبکہ گردوں کی کارکردگی کو بہتر بنانے میں بھی معاون ہے۔
اس کے علاوہ صبح نہار منہ پانی پینے کی عادت میٹابولزم کو متحرک کرسکتی ہے، جس سے وزن کو متوازن رکھنے میں مدد مل سکتی ہے۔
جلد کی صحت کے حوالے سے بھی ماہرین پانی کی اہمیت پر زور دیتے ہیں، ان کے مطابق مناسب ہائیڈریشن جلد کو ترو تازہ، نرم اور صحت مند رکھنے میں مدد دیتی ہے، جبکہ خشکی اور بے رونقی جیسے مسائل میں بھی کمی لا سکتی ہے۔
تاہم ماہرین خبردار کرتے ہیں کہ ہر چیز کی طرح پانی کے استعمال میں بھی اعتدال ضروری ہے، صبح اٹھتے ہی ایک سے دو گلاس پانی کافی سمجھے جاتے ہیں، جبکہ ضرورت سے زیادہ پانی ایک ہی وقت میں پینے سے گریز کرنا چاہیے۔
طبی ماہرین کا مزید کہنا ہے کہ گردوں کے امراض یا ایسے افراد جنہیں سیال کی مقدار محدود رکھنے کی ہدایت دی گئی ہو، انہیں پانی کے استعمال سے متعلق اپنے معالج سے مشورہ ضرور کرنا چاہیے۔
ماہرین کے مطابق صبح نہار منہ پانی پینے کی عادت نہ صرف جسم کو ہائیڈریٹ رکھتی ہے بلکہ توانائی، ہاضمے، دماغی کارکردگی اور مجموعی صحت میں بہتری لانے میں بھی مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔











