کراچی: صرافہ مارکیٹیں بند، جیولرز کی ملک گیر ہڑتال کی دھمکی

کراچی (روشن پاکستان نیوز)  صرافہ ایسوسی ایشن کا ایف بی آر سے مذاکرات معطل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے سندھ بھر میں مارکیٹیں بند کردیں اور ملک گیر ہڑتال کی دھمکی دے دی۔

تفصیلات کے مطابق آل پاکستان صرافہ جیم اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی مبینہ یکطرفہ کارروائیوں اور ظالمانہ اقدامات کے خلاف سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ایف بی آر سے تمام مذاکرات معطل کرنے اور بائیکاٹ کا اعلان کر دیا ہے، جس کے باعث سندھ بھر میں صرافہ مارکیٹیں بند رہیں۔

آل پاکستان صرافہ جیم اینڈ جیولرز کے چیئرمین اور صدر قاسم شکارپوری نے ایک اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ صرافہ ایسوسی ایشن اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات کا مکمل بائیکاٹ کرتی ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایف بی آر اپنا ریونیو شارٹ فال زبردستی تاجروں اور جیولرز سے پورا کرنا چاہتی ہے، جو کسی صورت قبول نہیں۔

نیپرا کا بڑا ریلیف، بجلی 1 روپے 99 پیسے فی یونٹ سستی

قاسم شکارپوری کا کہنا تھا کہ ایف بی آر کے ان ظالمانہ اور بلاجواز اقدامات کی وجہ سے آج سندھ بھر میں صرافہ اور جیولرز مارکیٹیں مکمل طور پر بند ہیں۔

انہوں نے تاجروں کے ٹیکس ریکارڈ کا حوالہ دیتے ہوئے واضح کیا کہ “ہم ٹیکس چور نہیں ہیں، ہم ٹیکس دینا چاہتے ہیں اور باقاعدگی سے دے رہے ہیں۔ صرافہ سیکٹر نے گزشتہ سال ملکی خزانے میں 22 ارب روپے کا ٹیکس جمع کرایا تھا”۔

چیئرمین صرافہ ایسوسی ایشن نے پریس کانفرنس میں خبردار کیا کہ اگر ایف بی آر نے تاجروں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ بند نہ کیا تو احتجاج کا دائرہ کار وسیع کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں شٹر ڈاؤن کے بعد اب ملک گیر ہڑتال کا آپشن بھی زیرِ غور ہے، تاہم اس کا حتمی فیصلہ تمام اسٹیک ہولڈرز اور تاجر برادری سے تفصیلی مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔

مزید خبریں