کراچی (روشن پاکستان نیوز): شہر قائد میں بس مالکان نے غیر معینہ مدت کے لیے ہڑتال کا اعلان کر دیا۔
کراچی میں ٹریفک کے بھاری چالانوں، بھاری جرمانوں سے تنگ آ کر ٹرانسپورٹرز سراپا احتجاج بن گئے ہیں، اور بس مالکان نے 18 جون سے غیر معینہ مدت کے لیے ہڑتال پر جانے کا اعلان کر دیا۔
کراچی بس اونرز ایسوسی ایشن نے فیصلہ کیا ہے کہ کل جمعرات سے پبلک ٹرانسپورٹ بند رہے گی، ایسوسی ایشن کے صدر فاروق احمد نے بس مالکان سے کل سے بسیں نہ چلانے کی اپیل کر دی ہے۔
صدر کراچی بس اونرز ایسوسی ایشن نے کہا کہ مطالبات منظور نہ ہوئے تو ہڑتال جاری رہے گی۔
کراچی میں دل کے امراض میں خوفناک اضافہ، ماہانہ 35 سے 40 ہزار کیسز رپورٹ
دریں اثنا، ڈی آئی جی ٹریفک کراچی پیر محمد شاہ نے گزشتہ روز کورنگی ایسوی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری میں تاجروں اور صنعت کاروں کو بتایا کہ ای چالان سے گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں سال کے پہلے 6 ماہ کے دوران ’’ٹریفک حادثات میں 30 فی صد کمی‘‘ ریکارڈ کی گئی ہے۔
ڈی آئی جی ٹریفک نے کہا کہ شہر کی مرکزی شاہراہوں پر احتجاج کے باعث ٹریفک کی بندش کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، گزشتہ برس متعارف کروایا گیا ای چالان سسٹم عوام میں مقبول ہوا اور تقریباً 70 فی صد شہریوں نے اسے مثبت انداز میں قبول کیا۔ پیر محمد شاہ نے کہا کہ ای چالان سسٹم اور جدید نگرانی کے نظام کے باعث ٹریفک قوانین پر عملدرآمد بہتر ہوا ہے جس کے نتیجے میں حادثات میں نمایاں کمی آئی۔
انھوں نے بتایا کہ اس وقت 1300 کیمروں کے ذریعے نگرانی کی جا رہی ہے جب کہ دوسرے مرحلے میں مزید 2250 کیمرے نصب کیے جائیں گے۔











