اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) انسدادِ منشیات فورس نے تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے خاتون سمیت 7 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ کارروائیوں کے دوران 17 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 22.88 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی۔
ترجمان کے مطابق اٹک میں جی ٹی روڈ کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزم سے 1.8 کلوگرام چرس برآمد کی گئی، جبکہ سیالکوٹ کے پیرس روڈ کے قریب ایک اور موٹر سائیکل سوار ملزم کے قبضے سے 670 گرام چرس برآمد ہوئی۔
راولپنڈی میں آئی جے پی روڈ کے قریب کارروائی کے دوران دو ملزمان سے 600 گرام چرس، 2 گرام کوکین اور 10 نشہ آور گولیاں برآمد کی گئیں۔ گرفتار ملزمان میں سے ایک نے تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف بھی کیا۔
تعلیمی اداروں کے اطراف منشیات اسمگلنگ کے خلاف اے این ایف کا کریک ڈاؤن، 3 ملزمان گرفتار
دیگر کارروائیوں میں جامشورو ٹول پلازہ کے قریب ایک خاتون کے قبضے سے 12 کلوگرام چرس برآمد کی گئی، جبکہ کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں ایک ملزم سے 6 کلوگرام چرس ضبط کی گئی۔
اسی طرح اٹک میں چائنہ چوک کے قریب ایک گاڑی سے 1.8 کلوگرام چرس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔
انسدادِ منشیات فورس کے مطابق تمام ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔











