جمعرات,  14 مئی 2026ء
پیٹرول کی قیمت : حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرسکتی ہے، لیکن کیسے؟ ماہر معیشت نے بتا دیا

کراچی(روشن پاکستان نیوز) پیٹرول کی قیمت کو کم کرنے کیلیے حکومت کا چاہیے کہ لیوی چارجز میں کمی کرکے عوام کو ریلیف  فراہم کرے، پڑوسی ممالک بھی ایکسائز ڈیوٹی کم کرکے قیمتوں کا تعین کررہے ہیں۔

یہ بات ماہرِ معیشت ڈاکٹر خاقان نجیب نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ بھارت سمیت خطے کے متعدد ممالک نے اپنی ایکسائز ڈیوٹی کم کی تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے جبکہ اس کے برعکس پاکستان میں لیوی برقرار رکھی گئی جس کے باعث پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں مہنگائی کو مزید ہوا دے رہی ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر خاقان نجیب کا کہنا تھا کہ حکومت کو عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ دوبارہ مذاکرات کرکے پیٹرولیم لیوی میں نرمی کی کوشش کرنی چاہیے۔

پیٹرول کی قیمتیں کب کم ہوں گی؟ خواجہ آصف نے بتادیا

ان کے مطابق بھارت سمیت کئی ممالک نے عالمی بحران کے دوران ٹیکس کم کرکے عوام کو ریلیف دیا، جبکہ پاکستان میں بلند لیوی کے باعث پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں مہنگائی کو مزید ہوا دے رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کا شارٹ فال ہر سال کا مسئلہ بن چکا ہے جو 683 ارب روپے کا ہے، اصل ضرورت ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنے، زرعی آمدنی، پراپرٹی اور ریٹیل سیکٹر پر مؤثر ٹیکس نظام نافذ کرنے کی ہے بجائے اس کے کہ پہلے سے مہنگائی کا شکار عوام پر مزید بوجھ ڈالا جائے۔

ڈاکٹر خاقان نجیب کے مطابق حکومت کو سرکاری اخراجات کم کرنے، خسارے والے اداروں کی اصلاحات اور توانائی شعبے میں بڑے فیصلے کرنے ہوں گے، انہوں نے خبردار کیا کہ اگر آئندہ چند برسوں میں توانائی اور ٹرانسپورٹ نظام میں بہتری کیلیے اصلاحات نہ کی گئیں تو مہنگائی کا بحران ایسے ہی جاری رہے گا۔

دوسری جانب عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ مسلسل بڑھتی ہوئی قیمتوں نے عام آدمی کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے اور حکومت کو پیٹرولیم لیوی میں کمی کرکے عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنا چاہیے۔

مزید خبریں