اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) رکنِ قومی اسمبلی سحر کامران کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد قومی اسمبلی کے اجلاس میں منظور کر لی گئی، جس میں پاکستانی مہم جو کھلاڑی ثمر خان کی شاندار کامیابیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
قرارداد میں کہا گیا کہ ثمر خان نے کوہِ ایلبرس کی چوٹی سر کرنے کے بعد وہاں سے برفانی تختے پر واپسی کر کے نئی تاریخ رقم کی اور وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون بن گئیں۔
اسلام آباد: آبنائے ہرمز کشیدگی، پاکستان کی ثالثی امن کی نئی امید قرار: سحرکامران
ایوان نے ثمر خان کی مہماتی کھیلوں میں نمایاں خدمات کو بھی سراہا۔ قرارداد کے مطابق وہ دنیا کی پہلی خاتون ہیں جنہوں نے بیافو اور گاڈون آسٹن گلیشیئرز پر سائیکل چلائی، جبکہ وہ کوہِ کلیمنجارو پر سائیکل چلانے والی پہلی پاکستانی بھی ہیں۔
قرارداد میں کہا گیا کہ ثمر خان نے اپنی جرات، ثابت قدمی اور عزم سے نہ صرف پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن کیا بلکہ ملک بھر کی نوجوان خواتین کے لیے بھی ایک مثال قائم کی ہے۔
قومی اسمبلی نے ثمر خان کو ان کی غیر معمولی کامیابیوں پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خدمات پاکستان کے لیے باعثِ فخر ہیں۔











