لاہور (روشن پاکستان نیوز): وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ ملکی سلامتی پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا، جے ایف تھنڈر اور میزائل نواز شریف کے بنائے ہوئے ہیں۔
واہگہ بارڈر پر معرکہ حق کو ایک سال مکمل ہونے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ وطن کیلیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں اور ان کی ماؤں کو سلام پیش کرتی ہوں، 25 کروڑ عوام بنیان مرصوص ہیں اپنے شہدا پر فخر ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کو سلام جس نے ملک کو ایٹمی طاقت بنایا، جے ایف تھنڈر اور میزائل انہی کے بنائے ہوئے ہیں، وزیر اعظم شہباز شریف کو بھی قوم سلام کرتی ہے جس نے ملک کا نام روش کیا۔
نواز شریف، زرداری اور عمران خان کے ساتھ مِل بیٹھنے کی تجویز سامنے آ گئی
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، انہوں نے پاکستانیوں کی امانت کی بہترین طریقے سے حفاظت کی اور دشمن کو ایسا جواب دیا کہ وہ ہاتھ ملتا رہ گیا، سپہ سالار اور افواج پاکستان کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے، فوجی قیادت اور سرحدوں پر کھڑے جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں، پوری قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان نے وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل کی قیادت میں سفارتی جنگ بھی جیتی، پاکستان نے خطرناک ترین تیسری عالمی جنگ ہونے سے روکا ہے، تاریخ لکھی جائے گی تو دنیا کہے گی کہ پاکستان نے عالمی جنگ کو روکا، جو ممالک پاکستان کو کٹہرے میں کھڑا کرتے تھے آج وہی تعریف کر رہے ہیں۔
آخر میں ان کا کہنا تھا کہ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ افواج پاکستان، نواز شریف اور شہباز شریف کو سلامت رکھے، پاکستان زندہ باد کے ایسے نعرے لگائیں کہ سرحد پار آواز جائے۔











