ڈسٹرکٹ پریس کلب حافظ آباد کے باہر تعلیمی اداروں کی نجکاری کے خلاف احتجاجی ریلی اور پریس کانفرنس کی جائے گی
حافظ آباد(شوکت علی وٹو)آل ایجوکیشن ایمپلائز ایسوسی ایشن حافظ آباد کا ایک اہم اجلاس ہوا، اجلاس گورئمنٹ ہائی سکول نمبر 2 میں میں منعقد کیا گیا جو زیر صدارت محمد اقبال ہنجرا منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں ضلع بھر کی ملازمین تنظیمات کے نمائندوں نے بھرپور شرکت کی۔اجلاس کے اہم فیصلے اور لائحہ عمل پر اتفاق رائے کیا گیا جس کے مطابق 12 مئی کو دن 12 بجے ضلع بھر کے تمام سرکاری ملازمین ڈسٹرکٹ پریس کلب حافظ آباد میں جمع ہوں گے۔ڈسٹرکٹ پریس کلب حافظ آباد سے اپنے حقوق اور تعلیمی اداروں کی نجکاری کے خلاف ایک بھرپور احتجاجی ریلی نکالی جائے گی جو فوارہ چوک تک جائے گی۔ اجلاس میں اطہر اقبال بھٹی، نصیر الدین، قاسم محمود، شبیر محمد گجر، میاں محمد سلیمان، غلام جعفر باجوہ، امیر حمزہ، بابر شیر، مرزا محمد اقبال اور ملک منظور الٰہی سمیت دیگر اہم رہنماؤں نے شرکت کی۔نمائندگان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت پنجاب ملازمین کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک بند کرے۔ ہمارے جائز مطالبات فوری طور پر تسلیم کیے جائیں اور تعلیمی اداروں کی نجکاری کا فیصلہ واپس لیا جائے۔











