تحریر: وقار نسیم وامق
امریکی ناول نگار ایرون ڈی یالوم کا شاہکار “جب نطشے رویا – When Nietzsche Wept” قاری کو پہلی ہی سطر سے ایک ایسے باطنی سفر پر لے جاتا ہے جہاں فلسفہ، نفسیات اور انسانی کمزوری ایک دوسرے میں یوں تحلیل ہوتے ہیں جیسے کوئی پرانی مگر ادھوری کہانی دوبارہ سانس لینے لگی ہو۔ یہ ناول محض ایک داستان نہیں بلکہ انسانی روح کے نیم تاریک کمرے کا دروازہ ہے وہ کمرہ جہاں خواہشیں، خوف، تنہائی، عظمت کا جنون اور شکست کا دکھ ایک ساتھ سانس لیتے ہیں۔
نطشے اس کہانی میں فلسفے کا بلند آہنگ نام نہیں رہتا بلکہ وہ ایک زخمی، تنہا اور اندر سے ٹوٹا ہوا شخص بن کر سامنے آتا ہے ایسا شخص جو اپنی عظمت کے بوجھ سے زیادہ اپنی خاموشی کے بوجھ تلے دبا ہوا ہے۔ دوسری طرف ڈاکٹر بروئر ہے جو زندگی کے زخموں کو چھپانے کا عادی ہے مگر انہی زخموں کے ذریعے اپنے اندر کے بھٹکے ہوئے سوالات سے روبرو ہوتا ہے۔ دونوں کے درمیان ہونے والا مکالمہ دو ذہنوں کا ایسا مکالمہ ہے جس میں ایک دکھ کو کمزوری سمجھتا ہے اور دوسرا جو دکھ کو انسان کی اصل کہانی مانتا ہے۔
یالوم اس مکالمے کو اس مہارت سے برتتا ہے کہ قاری کبھی بروئر کے سوالات میں خود کو پاتا ہے کبھی نطشے کی تلخی میں اور کبھی اپنی ہی کسی بھولی ہوئی تکلیف میں۔ ناول کا سب سے بڑا کمال یہی ہے کہ یہ قاری کو اس کی اپنی تہہ در تہہ ساخت سے روشناس کراتا ہے۔ نطشے کی تنہائی، اس کی ناکام محبت، اس کا غرور اور اس کی کمزوری یہ سب مل کر ایک ایسا آئینہ بناتے ہیں جس میں قاری کو اپنی ہی کوئی پرانی لرزش دکھائی دیتی ہے یوں محسوس ہوتا ہے جیسے نطشے کے آنسو دراصل ہمارے اپنے آنسو ہوں، صرف نام بدل گیا ہو۔
ناول کے دیگر کردار بھی محض ضمنی چہرے نہیں بلکہ انسانی نفسیات کے وہ رنگ ہیں جو مرکزی مکالمے کو گہرائی عطا کرتے ہیں۔ لو سالومے خواہش اور انکار کے درمیان کھڑی ایک علامت ہے وہ ایک ایسا معمہ جو نطشے کے اندر کے طوفان کو جنم دیتا ہے۔ مارتھا، بروئر کی زندگی کی وہ خاموش دھڑکن ہے جو ذمہ داری اور خواہش کے بیچ پھنسی عورت کی پوری کہانی اپنے اندر سمیٹے ہوئے ہے۔ فرائڈ ہر سوال کے پیچھے ایک نیا سوال تلاش کرنے والی ذہنی بےتابی کی علامت ہے جبکہ زیمل اس ہنگامہ خیز فضا میں فکری توازن کا کردار ادا کرتا ہے اور ایک کم بولنے والا مگر ہر لفظ کا وزن رکھنے والا دوست ثابت ہوتا ہے۔ یہ تمام کردار مل کر ناول کو ایک کثیر جہتی فضا دیتے ہیں جہاں ہر شخص اپنی الگ جنگ لڑ رہا ہے مگر سب کی کہانیاں ایک ہی سچ کی طرف اشارہ کرتی ہیں، “انسان اپنی خواہشات سے نہیں، اپنی کمزوریوں سے تشکیل پاتا ہے”۔
ناول کے مطالعہ کے بعد دل میں ایک عجیب سا سکوت اترتا ہے ایسا لگتا ہے جیسے ہم نے کسی عظیم انسان کے آنسو دیکھ لیے ہوں اور ان آنسوؤں میں اپنی ہی پرچھائیاں پہچان لی ہوں۔ یہ ناول بتاتا ہے کہ انسان کی اصل جنگ باہر نہیں بلکہ اس کے اندر ہوتی ہے اور کبھی کبھی ایک آنسو وہ سچ بول دیتا ہے جو برسوں کی عقل نہیں بول پاتی۔
یہ ناول ایک سوال بہرحال چھوڑ جاتا ہے کیا ہم واقعی اپنی خواہشات سے محبت کرتے ہیں یا صرف ان خواہشات کے پیچھے بھاگنے کے عمل سے؟ شاید یہی اس ناول کا سب سے بڑا انکشاف ہے کہ انسان اس وقت نہیں ٹوٹتا جب وہ ہار جاتا ہے وہ اس وقت ٹوٹتا ہے جب وہ اپنے زخموں کو پہچاننے سے انکار کر دیتا ہے۔











