بھارت کی کسی بھی جارحیت کا مقابلہ کرنے کیلیے ہمہ وقت تیار ہیں: خواجہ آصف

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے کسی بھی جارحیت کا مقابلہ کرنے کیلیے ہمہ وقت تیار ہیں۔

وزارت اطلاعات و نشریات کے زیر اہتمام کتاب The Battle of Truth کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ وزارت اطلاعات و نشریات اور آئی ایس پی آر کی کاوش کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، یہ کتاب صرف اوراق کا مجموعہ نہیں بلکہ قومی عزم اور قربانیوں کی مکمل داستان ہے، اس کتاب میں ملکی عزم و استقلال کو مؤثر انداز سے پیش کیا گیا۔

خواجہ آصف نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ بھارتی ہندوتوا پالیسیاں خطے کی ترقی کی سب سے بڑی دشمن ہیں، بھارت میں تمام اقلیتیں مظالم کا شکار ہیں، بھارتی اقدامات نے خطے کے امن کو داؤ پر لگایا، تاریخ گواہ ہے کہ پاکستان پر ہمیشہ جنگیں مسلط کی گئیں۔

ایران اور امریکا کے مذاکرات کی میزبانی پر کچھ کہنا قبل ازوقت ہوگا، وزیردفاع خواجہ آصف

وزیر دفاع نے کہا کہ پہلگام واقعے پر پاکستان نے شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا، پاکستان کی بری، بحری اور فضائی افواج نے دشمن کے عزائم کو نیست و نابود کر دیا، کوئی طاقت پاکستان کے عوام اور مسلح افواج کے درمیان نہیں آ سکتی۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کے جدید ترین طیارے کاغذوں کی طرح زمین پر گرے، اس کی جانب سے کسی بھی جارحیت کا مقابلہ کرنے کیلیے ہمہ وقت تیار ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ قوم سیسہ پلائی دیوار بن کر پاکستان کی افواج کے ساتھ کھڑی ہے، اتحاد اور یکجہتی ہمارا سب سے بڑا ہتھیار ہے، بھارت نے رات کی تاریکی میں نہتے شہریوں پر حملے کیے لیکن پاکستان کی بہادر افواج نے دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیے۔

مزید خبریں