کراچی(روشن پاکستان نیوز) نیوزی لینڈ نے غیرملکی ہنر مندوں کیلیے ’اسکلڈ مائیگرنٹ ریزیڈنٹ ویزا‘ متعارف کرایا ہے، جو مستقل رہائش کے خواہشمندوں کے لیے بڑی سہولت ہے۔
تفصیلات کے مطابق دنیا بھر کے تمام ہنرمند افراد جو نیوزی لینڈ کی شہریت حاصل کرنا چاہتے ہیں، انہیں ’اسکِلڈ مائیگرینٹ ریزیڈنٹ ویزا‘ کے ذریعے یہ موقع فراہم کیا گیا ہے۔
بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کے مطابق نیوزی لینڈ نے ہنرمند افراد کے لیے اپنی مشہور اسکلڈ مائیگرنٹ ریزیڈنٹ ویزا اسکیم کے تحت بیرونِ ملک پیشہ ور افراد کو مستقل رہائش، ملازمت اور تعلیم کی سہولت فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اس ویزا کے ذریعے درخواست گزار غیر معینہ مدت تک نیوزی لینڈ میں قیام کرسکتے ہیں اور اپنے شریکِ حیات اور 24 سال تک کے زیر کفالت بچوں کو بھی شامل کر سکتے ہیں۔
حکام کے مطابق اس ویزا کی ابتدائی فیس 6450 نیوزی لینڈ ڈالر مقرر کی گئی ہے مزید یہ کہ دو سال تک اس ویزا پر رہائش اختیار کرنے کے بعد درخواست گزار مستقل رہائشی ویزا کے لیے اہل ہو جاتا ہے، جس کے تحت ملک میں آزادانہ آمد و رفت ممکن ہوتی ہے۔
ٹرمپ انتظامیہ کی بڑی پابندی، 21 جنوری سے 75 ممالک کے شہریوں کی ویزہ پراسیسنگ معطل
اہلیت کے بنیادی اصول
اس ویزا کے لیے درخواست دینے والے افراد کی عمر 55 سال یا اس سے کم ہونی چاہیے، درخواست گزار کا جسمانی طور پر صحت مند اور کردار کے لحاظ سے صاف ہونا ضروری ہے، جبکہ انگریزی زبان پر عبور بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔
مزید برآں، درخواست دہندہ کے پاس کسی مستند (تسلیم شدہ) آجر کے ساتھ کل وقتی ہنرمند ملازمت کی پیشکش یا موجودہ ملازمت ہونا ضروری ہے اور کم از کم 6 اسکلڈ پوائنٹس حاصل کرنا لازمی ہے۔
ملازمت سے متعلق شرائط
درخواست گزار کی ملازمت ہفتہ وار کم از کم 30 گھنٹے پر مشتمل ہونی چاہیے، ملازمت مستقل یا کم از کم 12 ماہ کے معاہدے پر ہو یا مسلسل 6 ماہ کے کنٹریکٹ پر مبنی ہو
تنخواہ کے حوالے سے بھی واضح شرائط رکھی گئی ہیں، جس کے تحت اے این زی ایس سی او لیول 1 تا 3کے لیے کم از کم 35 نیوزی لینڈ ڈالر فی گھنٹہ ہے، جبکہ لیول 4 تا 5 کے لیے کم از کم 52.50 ڈالر فی گھنٹہ ہے۔
ویزا کے لیے کم از کم 6 پوائنٹس درکار ہوتے ہیں جو درج ذیل بنیادوں پر حاصل کیے جاسکتے ہیں، جن میں پیشہ ورانہ رجسٹریشن، تعلیمی قابلیت اور معقول آمدنی شامل ہے۔ مزید برآں، نیوزی لینڈ میں کام کے تجربے پر اضافی 3 پوائنٹس بھی حاصل کیے جاسکتے ہیں۔
انگریزی زبان کی شرط
درخواست گزار کے ساتھ اس کی شریکِ حیات اور 16 سال یا اس سے زائد عمر کے بچے بھی انگریزی جاننے کے پابند ہوں گے، بصورت دیگر انہیں نیوزی لینڈ میں زبان سیکھنے کے اخراجات ادا کرنا ہوں گے۔
درخواست دینے کا طریقہ کار
ویزا کے حصول کے لیے درج ذیل مراحل طے کرنا ہوں گے:
Expression of Interest جمع کروانا۔ اہلیت پر پورا اترنے پر Invitation to Apply موصول ہونا، ضروری دستاویزات کی فراہمی (پاسپورٹ، میڈیکل، پولیس سرٹیفکیٹ وغیرہ) چار ماہ کے اندر مکمل درخواست جمع کروانا اور فیس ادا کرنا ضروری ہے۔ حکام کے مطابق درخواست گزار سے مزید دستاویزات یا انٹرویو بھی لیا جاسکتا ہے۔
اس حوالے سے امیگریشن ماہرین کا کہنا ہے کہ درخواست دینے سے قبل تمام شرائط کا بغور جائزہ لینا ضروری ہے تاکہ کسی بھی قسم کی تاخیر یا مسترد ہونے سے بچا جاسکے۔











