اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) رکن قومی اسمبلی سحر کامران نے عالمی کشیدگی پر پاکستان کے سفارتی کردار کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز کی بندش نے عالمی معیشت کو شدید دباؤ میں ڈال دیا ہے، ایسے میں اسلام آباد امن کے ایک مؤثر مرکز کے طور پر سامنے آ رہا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان، امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کی راہ ہموار کرنے میں مثبت کردار ادا کر سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ثالثی دونوں ممالک کو باوقار طریقے سے تنازع سے نکلنے، اہم سمندری راستوں کی بحالی، خطے میں استحکام اور عالمی معیشت کی بحالی کا موقع فراہم کر سکتی ہے۔
سحر کامران نے مزید کہا کہ موجودہ صورتحال ایک نایاب اور حقیقت پسندانہ موقع ہے جس سے فائدہ اٹھاتے ہوئے جنگ کے بجائے سفارت کاری اور مکالمے کو ترجیح دی جانی چاہیے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ خطے میں امن کے قیام کے لیے سنجیدہ اقدامات کرے اور کشیدگی کے خاتمے میں کردار ادا کرے۔
دفاعی و معاشی ماہرین کے مطابق آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین تیل گزرگاہوں میں شامل ہے، جہاں کسی بھی قسم کی رکاوٹ عالمی توانائی سپلائی اور معیشت پر براہِ راست اثر ڈال سکتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسے حالات میں پاکستان جیسے ممالک کا متوازن اور فعال سفارتی کردار خطے میں امن کے لیے کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔











