هفته,  11 اپریل 2026ء
اسلام آباد: خاتون صحافی کے ساتھ نامناسب رویے پر پولیس کانسٹیبل معطل

اسلام آباد(سعد عباسی) پولیس اہلکار کی جانب سے خاتون صحافی کے ساتھ نامناسب رویے کا معاملہ سامنے آنے پر آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے فوری نوٹس لیتے ہوئے سخت کارروائی کا حکم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق خاتون صحافی سے توں تکرار کرنے والے کانسٹیبل کو معطل کر کے اس کے خلاف چارج شیٹ جاری کر دی گئی ہے۔ مزید برآں، خاتون صحافی کی جانب سے تحریری درخواست جمع کروانے پر فوری طور پر مقدمہ درج کرنے کی بھی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے واقعے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے پولیس افسران اور اہلکاروں کو واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ قانون کی پاسداری کے ساتھ شہریوں سے خوش اخلاقی، صبر و تحمل اور احترام کے ساتھ پیش آئیں۔

اسلام آباد میں خاتون رپورٹر پر حملہ، پولیس کی مبینہ غفلت پر تنقید

انہوں نے “پہلے سلام پھر کلام” کے اصول کو یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی کسی بھی غلطی کی نشاندہی مہذب انداز اور برداشت کے ساتھ کی جائے۔

آئی جی نے خاص طور پر ہدایت کی کہ خواتین، بزرگوں، بچوں اور معذور افراد کے ساتھ کسی بھی قسم کا ناروا سلوک ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا، اور اس ضمن میں زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔

پولیس حکام کے مطابق شہریوں کے ساتھ حسن سلوک اور پیشہ ورانہ رویہ ہر اہلکار کی بنیادی ذمہ داری ہے، جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

مزید خبریں